انجمن پٹواریاں ہزارہ ڈویژن نے پٹواریوں کے ساتھ انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی پر جاری ہڑتال ختم کر دی

ہفتہ 12 ستمبر 2020 15:57

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2020ء) ایبٹ آباد کے پٹواریوں نے جاری ہڑتال کو ختم کر کے دوبارہ سے ڈیوٹیاں سنبھال لی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے معطل پٹواریوں کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کر دی، محکمانہ کارروائی میں انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی پر پٹواریوں نے ہڑتال ختم کر دی۔

(جاری ہے)

ایبٹ آباد میں رشوت کی شکایات پر دو پٹواریوں تنویر اور بابر کو ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے معطل کر دیا تھا جس کے بعد ایبٹ آباد کے پٹواریوں نے ہڑتال شروع کر دی تھی جو ایک ہفتہ سے زائد تک جاری رہی۔

انجمن پٹواریاں و قانون گوئیاں کے ڈویژنل صدر حنیف خان جدون نے کہا کہ پٹواریوں کے خلاف رشوت کی کوئی شکایات یا ثبوت ہیں تو سامنے لائے جائیں، بغیر ثبوت کے کارروائی زیادتی اور ناانصافی ہو گی، معطل پٹواریوں کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر نے محکمہ انکوائری شروع کر دی جس میں پٹواریوں کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ انجمن پٹواریاں و قانون گوئیاں کے ڈویژنل صدر نے معطل پٹواریوں کے ساتھ انصاف کی یقین دہانی کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

متعلقہ عنوان :