عوامی نیشنل پارٹی ضلع ملاکنڈ کے قائدین کے درمیان چپقلش کا خاتمہ ہو گیا

جمعرات 17 ستمبر 2020 21:39

ملاکنڈ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2020ء) عوامی نیشنل پارٹی ضلع ملاکنڈ کے قائدین کے درمیان چپقلش کا خاتمہ ہو گیا ۔ ضلع ملاکنڈ کے تمام سیاسی جماعتوں اور تحصیل انتظامیہ کے مشترکہ کوششوں سے عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری محمد ارشاد خان مہمند اور سابق تحصیل ناظم شفیع الله خان گروپوں کے مابین صلح کرادی گئی۔ تفصیلات کے مطابق-:۔

چندروز قبل اے این پی کے ضلعی جنرل سیکرٹری محمد ارشاد خان مہمند اور سابق تحصیل ناظم و امیدوار صوبائی اسمبلی شفیع اللہ خان کے بھتیجوں معوذ خان شلمانی اور معاذ خان شلمانی کے مابین ہاتھا پائی اور ہوائی فائرنگ کا نا خوشگوار واقعہ رونما ہوا تھا جس سے دونوں رہنمائوں کے حمایتیوں میں غصے کی لہر دوڑ گئی تھی اور آمن وآمان کے خراب ہونے کا قوی امکان پیدا ہواتھا۔

(جاری ہے)

فریقین کے درمیان کشیدہ صورتحال کو بھانپتے ہوئے پی کے 19ملاکنڈکے تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوںپی پی پی کے سابق ایم پی اے سید محمد علی شاہ باچہ،جماعت اسلامی کے تحصیل آمیر مولانا جمال الدین،جمعیت علماء اسلام کے ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا سلمان تاثیر،حق نوازایڈوکیٹ،مسلم لیگ ن کے گل زمان ،فرید اللہ خان ،سابق اراکین ضلع،تحصیل کونسل پیر ظاہر شاہ،حاجی اعظم خان،محمد رازق ایڈوکیٹ ،فضل احمد ایڈوکیٹ ،فضل سبحان خان، سبحان شیرین ،سابق ایم این اے ضلع مردان حمایت اللہ مایار،سابق امیدوار صوبائی اسمبلی ضلع مردان فاروق اکرم خان،جمروز خان ،حاجی محمد حسن کاکا،مسافر خان،قاضی رشید، محمد یونس خان اورمشتاق خان وغیرہ پر مشتمل جرگہ ممبران کے مسلسل جرگوں اور کوششوں سے دونوں گروپوں کے درمیان صلح کرائی گئی ۔

صلح کے سلسلے میں تحصیل میونسپل ہال درگئی میں علاقائی عمائدین پر مشتمل تقریب منعقد ہوئی۔تقریب سے اسسٹنٹ کمشنر درگئی محب الله خان ،جماعت اسلامی کے آمیر مولانا جمال الدین،سابق ایم پی اے سید محمد علی شاہ اور عوامی نشنل پارٹی ملاکنڈ کے ضلعی سینئر نائب صدر فضل سبحان خان نے خطاب کیا اور جرگہ ممبران کے کاوشوں کو سراہا اور فریقین کو ائندہ کے لئے اپنے سیاسی پلیٹ فارم سے عوام کے خدمت پر مبنی سیاست اور ماضی کی تلخیاں بھلانے کی تلقین کی۔

اس موقع پر دونوں گروپوں کو اپس میں گلے ملاکرکشیدہ صورتحال کا خا تمہ کر دیا گیا۔اس دوران اے این پی ملاکنڈکے ضلعی سینئر نائب صدر فضل سبحان خان نے جرگہ ممبران ، تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اورڈپٹی کمشنر ملاکنڈ ریحان گل خٹک، اسسٹنٹ کمشنر درگئی محب الله ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر وحید الله خان اور دیگر مشران کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی تمام مسائل باہمی مشاورت اور بھائی چارے کے فضاء کے اندر رہتے ہوئے حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔