عالمی یوم برائے تحفظ مریضاں ،رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کا میڈیا بریفنگ سیشن کا اہتمام

مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کے لیے ضروری ہے صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے تا کہ وہ اپنا کام بہتر طور پر کر سکیں،مقررین پاکستان کی کورونا وائرس کے انسداد کے لیے کاوشوں سے بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے، ڈاکٹر پالیتھا

ہفتہ 19 ستمبر 2020 19:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 ستمبر2020ء) رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی ، رفاہ انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کیئر امپرومنٹ و سیفٹی (RIHIS)کی جانب سے عالمی یوم برائے تحفظ مریضاں 2020کے موقع پر قومی ادارہ برائے صحت میں میڈیا بریفنگ سیشن کا اہتمام کیا گیا۔ اس دن کے منانے کا مقصد مریضوں کی بہتر دیکھ بھال اور صحت کے شعبے سے وابستہ ورکرز کی حفاظت سے متعلق شعور بیدار کرنا ہے۔

مریض کی حفاظت کو عوامی مسئلہ گردانتے ہوئے عالمی ادارہ صحت کے تمام 194ارکان نے مئی 2019کو منعقد ہونے والے ادارہ کی72ویں اجلاس میں 17ستمبر کو عالمی یوم برائے تحفظ مریضاں منانے کا فیصلہ کیا۔ کورونا وائرس کی عالمی وباء کی وجہ سے دنیا کو صحت کے گھمبیر مسائل کا سامنا ہے اور اس صورحال کے پیشِ نظر مریض کے تحفظ کو یقینی بنانا ایک شدید مسئلہ ہے۔

(جاری ہے)

اس عالمی وباء کی وجہ سے دنیا بھر میں صحت کے نظام پر شدید دبائو ہے۔ صرف قابل اور محنتی ہیلتھ ورکرز کی موجودگی میں ہی صحت کا نظام بہتر طور پر کام کر سکتا ہے اس لیے مریضوں کی حفاظت ضروری ہے۔ حالیہ مسائل کو مدِ نظر رکھتے ہوئے اس سال عالمی یوم برائے تحفظ مریضاں 2020 صحت کے شعبے میں کام کرنے والے افراد کے تحفظ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔

مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کے لیے ضروری ہے کہ صحت کے شعبے میں کام کرنے والے افراد کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے تا کہ وہ اپنا کام بہتر طور پر کر سکیں۔ ڈاکٹر نوشین حامد، پارلیمانی سیکر ٹری ایم این ایچ ایس آر سی اور ڈاکٹر پالیتھا ڈبلیو آر عالمی ادارہ صحت بھی اس موقع پر موجود تھیں۔میجر جنرل پروفیسر ڈاکٹر عامر اکرام نے اس تقریب کی میزبانی کی جنہوں نے قومی ادارہ صحت میں سینٹر فار اکوپیشنل اینڈ پی ایس بنانے کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے پاکستانی صحت کے نظام میں مریض کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے رفاہ انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کیئر امپرومنٹ و سیفٹی کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا بھی اعادہ کیا۔ ڈاکٹر پالیتھا نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی کورونا وائرس کی وباء کے انسداد کے لیے کی جانے والی کاوشوں سے بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر نوشین حامد ہمیشہ سے ہی مریضوں کی بہتر دیکھ بھال اور موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے صحت کے شعبے میں کام کرنے والے افراد کی صلاحیت بڑھانے پر زور دیتی آئی ہیں۔ اس دن کے موقع کی مناسبت سے انھوں نے کہا ہمیں ایسا نظام بنانے کی ضرورت ہے جہاں مریض کی بہتر دیکھ بھال کو یقینی بنایا جا سکے۔ تقریب کے اختتام پر کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد کی گئی ۔