مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی تڑپ نئی نسل کے خون میں شامل ہو چکی ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر

کشمیریوں کی تحریک دنیا بھر کے حریت پسندوں کیلئے ایک مثال ہے جو انسانی تاریخ کے بدترین مظالم اور سفاکیت کے سامنے برسرپیکار ہیں،راجہ محمد فاروق حیدر

اتوار 20 ستمبر 2020 19:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2020ء) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی تڑپ نئی نسل کے خون میں شامل ہو چکی ہے، کشمیریوں کی تحریک دنیا بھر کے حریت پسندوں کیلئے ایک مثال ہے جو انسانی تاریخ کے بدترین مظالم اور سفاکیت کے سامنے برسرپیکار ہیں۔کشمیریوں کی تحریک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔

وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ بیانات سے آگے بڑھ کر عملی اقداما ت اٹھائے جائیں۔کشمیری نہ پہلے جھکیں ہیں نہ اب جھکیں گے ،مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق کشمیری ہیں، کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہی حل ہوگاجو گزشتہ سات دھائیوں سے قربانیاں دے رہے ہیں۔ہندوستان مکار اور عیار دشمن ہے ہمیں اس کی چالوں کو سمجھنا ہوگا۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم نے کہاکہ کشمیر کی دھرتی شہداء کے مقدس لہو سے معطر ہے ، ناپاک ہندوستانی فوج کے قدم کشمیر سے اٹھ کر رہیں گے۔

مقبوضہ کشمیر گزشتہ بر س پانچ اگست سے ہندوستان کے فوجی محاصرے میں ہے ،ہندوستان کشمیریوں کے تشخص اور تاریخ کے ساتھ ساتھ اب مسلمانوں کی عبادت گاہوں کو بھی نشانہ بنارہا ہے جس کا سخت نوٹس لیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان غیر ریاستی باشندوں کو ریاستی ڈومیسائل دیکرمقبوضہ کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کررہا ہے۔ ہندوستان باہر سے انتہاء پسند ہندوئں کو کشمیر میں لاکر آباد کر رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر شاید دنیا کا واحد خطہ ہے جہاں بنیادی حقوق بھی قابض بھارتی فوج نے سلب کررکھے ہیں۔ کشمیریوں کی نقل و حرکت پر پابندی ، ذرائع مواصلات بند ہے لیکن تمام مشکلات کے باوجود کشمیری بھارتی فوج کے سامنے نہ پہلے جھکے ہیں اور نہ اب جھکیں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے نو لاکھ سے زیادہ فوج تعینات کررکھی ہے اور گزشتہ برس پانچ اگست کے بعد سے ہندوستان نے مظالم کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔