میپکو ریجن میں لائن سٹاف کو یونیفارم فراہم کرنیکا فیصلہ

بدھ 23 ستمبر 2020 23:02

ملتان ۔23 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2020ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر محسن رضا خان نے میپکو ریجن میں لائن سٹاف کو یونیفارم فراہم کرنیکا فیصلہ کیاہے ۔پاکستان کی سب سے بڑی بجلی کی تقسیم کار کمپنی ملتان الیکٹرک پاورکمپنی (میپکو) کے لائن سٹاف کو فیلڈ میں خدمات سرانجام دینے اور دوران ڈیوٹی حادثات کی شرح میں کمی کے لئے یونیفارم فراہم کی جارہی ہے ۔

یونیفارم شرٹ اور پینٹ پر مشتمل ہے جس پر میپکو کے مونوگرام اور عہدہ شائع کیاگیاہے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ میپکو ریجن میں فیلڈ میں خدمات سرانجام دینے والے لائن مین I، لائن مین IIاوراسسٹنٹ لائن مینوں کو یونیفارم دی جارہی ہے جس سے میپکو سٹاف کی دوران ڈیوٹی شناخت بھی ہوگی ۔ ڈائریکٹرپروکیورمنٹ ڈسٹری بیوشن میپکو کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ہدایت پر ابتدائی طورپر مختلف سائز کے 7ہزار 650یونیفارم موصول ہو گئے ہیں اور ریجنل سٹورمیپکو ملتان میں پہنچادئیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

میپکو آپریشن سرکلوں کے سپریٹنڈنگ انجینئرز کو ایک مراسلے کے ذریعے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آپریشن سب ڈویژنوں میں خدمات سرانجام دینے والے لائن سٹاف کی تعداد اور سائز کے حساب سے یونیفارمز سٹورز سے حاصل کریں اور لائن سٹاف کو پابند کیاجائے کہ ڈیوٹی کے اوقات میں میپکو کی یونیفارم زیب تن کریں تاکہ فیلڈ میں کام کرنے میں آسانی ہو۔