کویت میں سڑک پر بے ہودہ ڈانس کرنے والی لڑکی گرفتار

پولیس کے مطابق لڑکی کی گرفتاری ڈرائیورز کی جانب سے اطلاع ملنے کے بعد ہوئی، لڑکی نشے کی حالت میں تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 24 ستمبر 2020 17:16

کویت میں سڑک پر بے ہودہ ڈانس کرنے والی لڑکی گرفتار
کویت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 ستمبر2020ء) کویت میں ایک لڑکی کو سڑک پر انتہائی بے ہودہ حرکات اور رقص کرنے کے الزامات میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ لڑکی کی گرفتاری اس وقت ہوئی جب پولیس کو اطلاع دی گئی کہ ایک لڑکی سڑک پر شرمناک حرکات کررہی ہے۔ اُردو نیوز کے مطابق کویتی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ اخلاق سوزسرگرمیوں میں ملوث ایک لڑکی کو گرفتار کیا گیا ہے۔

بیان میں کویتی وزارت داخلہ نے کہا کہ گرفتار لڑکی کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل تھی جس میں اخلاق سوز حرکتیں کرتے ہوئے دیکھا گیا۔سوشل میڈیا پر وائرل وڈیو میں لڑکی شراب یا نشہ آور اشیا کے اثر میں نظر آرہی تھی۔ کویت کی ایک سڑک پر سفید رنگ کی کار سے اتر کر بے ہودہ رقص کررہی تھی۔ کویتی وزارت داخلہ نے ٹوئٹر اکاونٹ پر گاڑی اور لڑکی کا چہرہ ظاہر کیے بغیر اس کی تصویر جاری کی ہے۔

(جاری ہے)

گشتی فورس نے لڑکی کو خلیج عربی سٹریٹ پر سماجی آداب کے منافی حرکتیں کرتے ہوئے حراست میں لیا ہے۔کویتی وزارت داخلہ نے واقعہ کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کو لڑکی کے بارے میں رپورٹ ملی تھی- بتایا گیا تھا کہ وہ الخلیج العربی سٹریٹ کے ایک سگنل پر سماجی آداب کے منافی حرکتیں کررہی ہے۔ فوری طور پر گشتی فورس بھیج کر اسے گرفتار کرلیا گیا۔بیان میں کویتی وزارت داخلہ نے بتایا کہ لڑکی کو قانونی کارروائی کے لیے الرمیسی پولیس سٹیشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔ وزارت نے اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔ اس واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو ئی ہے جس میں لڑکی کا انتہائی نازیبا حرکات کرتے دکھایا گیاہے۔یہ ویڈیو ایک گاڑی میں موجود شخص نے بنائی تھی۔