اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے افغانستان کے قائم مقام سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

ویزا پالیسی میں تبدیلی اور تجارتی سہولیات کی فراہمی افغانستان اور پاکستان کے مابین رابطوں کو بڑھانے اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنیں گئیں،اسپیکر قومی اسمبلی اراکین پارلیمنٹ کے مابین رابطوں کا فروغ پاکستان اور افغانستان کے مابین پہلے سے موجود تعلقات کو مزید تقویت بخشنے میں مدد گار ثابت ہوگا، گفتگو

جمعرات 24 ستمبر 2020 19:32

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے افغانستان کے قائم مقام سفیر کی ملاقات، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2020ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جمعرات کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں افغانستان کے قائم مقام سفیر رحیم اللہ قطرا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں افغانستان کے قائم مقام سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان نہ صرف ہمسایہ ممالک ہیں بلکہ ایک دوسرے کے ساتھ مذہب، ثقافت اور تاریخ کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کے مابین رابطوں کا فروغ پاکستان اور افغانستان کے مابین پہلے سے موجود تعلقات کو مزید تقویت بخشنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرامن افغانستان خطے کیبہترین مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ افغان امن عمل میں ہونے والی مثبت پیشرفت خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

اسپیکر اسد قیصر نے پاک افغان پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی ٹاسک فورسز کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹاسک فورسز نے پاکستان اور افغانستان کے مابین تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں اور رابطوں پر اثر انداز ہونے والے امور کے بارے میں غور کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورسز کی مرتب کردہ سفارشات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اس پر عمل درآمد کے لئے حکومت کو بھیجا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویزا پالیسی میں مجوزہ تبدیلیاں اور افغان تاجروں کو مراعات فراہم کرنے سے دونوں ممالک کے عوام کے مابین تعلقات کو فروغ ملے گا اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا۔افغانستان کے قائم مقام سفیر رحیم اللہ قطرا نے اسپیکر قومی اسمبلی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے اٴْن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کی عوام کے ایک دوسرے کے ساتھ گہری محبت رکھتے ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بڑھتی جارہی ہے۔

انہوں نے تجارت کے شعبے کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ویزا پالیسی میں نرمی اور تجارتی سہولت کی فراہمی کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کے قائدانہ کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور افغانستان میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں تجارت سمیت دیگر شعبوں میں اور تعاون کو بڑھانا پاکستان اور افغانستان کے لئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے مابین موجودہ خوشگوار تعلقات کو بڑھانے میں پارلیمانی دوستی گروپوں کے کردار کی بھی تعریف کی۔