عوام فاقوں پر مجبور، حکمران سب اچھا کی لوریاں دیتے شرمندہ بھی نہیں ہوتے،حکومت نے مہنگائی اور بیروزگاری کی شرح کے ریکارڈ توڑ دئیے : پیر محفوظ مشہدی

ًحکومت نے عوام کو بنیادی ضروریات زندگی سے محروم کردیا، غریب محنت کش عوام خود کشی پر مجبور ہوگئے ہیں

جمعہ 25 ستمبر 2020 19:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 ستمبر2020ء) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما اور مسلم لیگ نواز کے پی پی68 کے ٹکٹ ہولڈر پیر سید محمد محفوظ مشہدی نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے حکمران ملک پر عذاب بن کر مسلط کئے گئے ہیں ۔جب سے پی ٹی آئی کی حکومت آئی ہے عوام کو بنیادی ضروریات زندگی سے بھی محروم کردیا گیا ہے۔

غریب محنت کش عوام خود کشی پر مجبور ہوگئے ہیں لیکن حکمران طبقہ زندگی بچانے والی ادویات میں 262 فیصد تک اضافے کا دفاع کر نے میں مصروف ہے۔موجودہ حکومت نے 1947ء سے اب تک کے مہنگائی اور بیروزگاری کی شرح کے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں اور عوام حکمرانوں کو بد دعا دے رہے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے ووٹرز منہ چھپائے ان لوگوں کو تلاش کررہے ہیں جنہوں نے تبدیلی کے سبزباغ دکھائے تھے۔

(جاری ہے)

جے یو پی کے دفتر میں مختلف وفود سے ملاقات میں پیر محفوظ مشہدی نے کہا کہ گوشت دالیں سبزیاں چکن ہر چیز مہنگی ہو چکی ہے۔ غریب لوگ جائیں تو کہاں جائیں عوام فاقوں پر مجبور ہیں اور حکمران بھی سب اچھا کی لوریاں دیتے اور معیشت کی مضبوطی کے دعوے کرتے شرمندہ بھی نہیں ہوتے۔پیر محفوظ مشہدی نے کہا کہ عمران خان کو ریاست مدینہ کے جھوٹے دعوے چھوڑ دینے چاہیں۔ان کے منہ سے ایسے مقدس نام اچھے نہیں لگتے۔