ایل او سی کے کوٹ کٹیرا سیکٹر پر شدید جھڑپیں، بھاری گولہ باری

پاک فوج نے بھارتی فوج کی چیک پوسٹوں کے پرخچے اڑا دیے، دشمن فوج کا بھاری جانی نقصان، پاک فوج کا سپاہی بھی جام شہادت نوش کر گیا

Hassan Shabbir حسن شبیر ہفتہ 26 ستمبر 2020 23:43

ایل او سی کے کوٹ کٹیرا سیکٹر پر شدید جھڑپیں، بھاری گولہ باری
کوٹ کٹیرا (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-26 ستمبر2020ء) ایل او سی کے کوٹ کٹیرا سیکٹر پر شدید جھڑپیں، بھاری گولہ باری پاک فوج نے بھارتی فوج کی چیک پوسٹوں کے پرخچے اڑا دیے، دشمن فوج کا بھاری جانی نقصان، پاک فوج کا سپاہی بھی جام شہادت نوش کر گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز لائن آف کنٹرول کے کوٹ کٹیرا سیکٹر پر بھارتی فوج کی جانب سے ایک مرتبہ پھر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی گئی۔

بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان 34 سالہ نائیک دلفراز جام شہادت نوش کر گیا۔ شہید دلفراز کاتعلق مظفرآباد کے گاؤں پنجکوٹ سے تھا۔ بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کے بعد پاک فوج کی جانب سے بھی منہ توڑ جواب دیا گیا۔

(جاری ہے)

پاک فوج کی موثر جوابی کاروائی میں بھارتی فوج کا بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ پاک فوج نے اپنے بھرپور جواب سے بھارتی فوج کی چوکیاں تباہ کر ڈالیں۔

پاک فوج کے ہاتھوں بری طرح مار کھانے کے بعد بھارتی فوج کی توپیں اور بندوقیں خاموش ہوگئیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر اپنے شرپسندانہ عزائم کا اظہار کرتے ہوئے سینکڑوں مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ بھارتی فوج کی جانب سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے، جبکہ پاک فوج کی موثر جوابی کاروائیوں کے نتیجے میں حالیہ کچھ عرصے کے دوران درجنوں بھارتی فوجی جہنم واصل کیے گئے ہیں۔