تاجر کے اغوا میں ملوث پولیس افسر اہلکاروں سمیت گرفتار، مغوی بازیاب

ْ گلشن حدید میں پولیس مقابلہ کے بعد ڈاکو کوزخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا،ایس ایس پی ملیر

بدھ 30 ستمبر 2020 17:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 ستمبر2020ء) پولیس نے اغوا برائے تاوان میں ملوث پولیس افسر سمیت دیگر اہلکاروں کو گرفتار کرکے مغوی تاجر کو بحفاظت بازیاب کروالیا، گلشن حدید میں پولیس مقابلہ کے بعد ڈاکو کوزخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کا انسپکٹر تاجر کے اغوا میں ملوث نکلا، اس حوالے سے پولیس حکام نے بتایاکہ ایس آئی یو صدر پولیس کے انسپکٹر ملک اشرف اعوان نے اپنی پولیس پارٹی کے ہمراہ الماس نامی تاجر کو اغوا کیا تھا۔

تاجر الماس نیو کراچی سے اپنی فیملی کے ہمراہ لکھنو سوسائٹی کورنگی جا رہا تھا، شفیق موڑ کے قریب ملک اشرف اعوان اور اس کے ہمراہ پارٹی نے تاجر کو اغوا کرلیا۔اغوا کار پولیس اہلکاروں نے تاجر کی اہلیہ سی7 لاکھ روپے تاوان طلب کیا، بعد ازاں ایف بی ایریا پولیس مغوی کی اہلیہ کے فون کرنے پر شفیق موڑ پہنچی۔

(جاری ہے)

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انسپکٹر ملک اشرف اعوان کو گرفتار کرکے مغوی تاجر کو بازیاب کرالیا، انسپکٹر اشرف اور پولیس پارٹی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ادھرگلشنِ حدید میں ڈاکوئوں کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے جس میں ایک ڈاکوکو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا گیا جبکہ ملزم کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق گلشنِ حدید میں 2 ڈکیت شہری سے لوٹ مار کر کے فرار ہو رہے تھے کہ اطلاع ملتے ہی پولیس پہنچ گئی۔پولیس نے ملزمان کا تعاقب کیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہوگیا جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔زخمی ڈاکو کی شناخت محمد رمضان کے نام سے ہوئی ہے جس کے قبضے سے اسلحہ، چھینا گیا سامان اور موٹر سائیکل ملی ہے۔گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ملزم کا کریمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔