ولی عہد ابوظبی شیخ محمد کی اسرائیلی وزیراعظم سے امن امکانات پر بات چیت

اسرائیلی کابینہ نے امارات سے تعلقات استوار کرنے کے تاریخی امن معاہدے کی منظوری دے دی، بنیامین نیتن یاہو

منگل 13 اکتوبر 2020 14:52

ولی عہد ابوظبی شیخ محمد کی اسرائیلی وزیراعظم سے امن امکانات پر بات ..
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2020ء) ابو ظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ٹیلی فون پر خطے میں امن کے امکانات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شیخ محمد نے ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا کہ ہم نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور (مشرقِ اوسط کی)خطے میں امن کے امکانات ، استحکام کی ضرورت ،تعاون اور ترقی کا جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

نیتن یاہو نے الگ سے ایک ٹویٹ میں کہا کہ میں نے ابوظبی کے ولی عہد کو اسرائیل کے دورے کی دعوت دی ہے۔اس کے جواب میں شیخ محمد نے بھی مجھے ابوظبی کے دورے کے دعوت دی ہے۔اسرائیلی وزیراعظم نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ ان کی کابینہ نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کرنے کے لیے تاریخی امن معاہدے کی باضابطہ طور پر منظوری دے دی ہے۔یو اے ای کی خبررساں ایجنسی کے مطابق نیتن یاہو اور ولی عہد نے اپنی گفتگو میں امریکا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اسرائیل اور یو اے ای کے درمیان امن معاہدہ طے کرانے میں اہم کردار کو سراہا ۔