کوہاٹ پولیس کارہزنی کی وارداتوں میں ملوث خطرناک رہزن کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

اتوار 18 اکتوبر 2020 18:55

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2020ء) کوہاٹ پولیس نے رہزنی کی وارداتوں میں ملوث خطرناک رہزن کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ زیرحراست ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونیوالا اسلحہ ،چھینی گئی موٹر سائیکل ،نقدی،موبائل فون سیٹ اور دیگر قیمتی اشیاء برآمد کرلی گئی ہیں ۔پولیس کے مطابق 16اکتوبرکی شب کوہاٹ ہنگو روڈ پر محمدزئی کے قریب رہزنی کی واردات کے دوران موٹر سائیکل پر نجی کام کے سلسلے میں نصرت خیل جانیوالے لاچی کے رہائشی تین افراد ارمان زادہ،عارف زادہ اور محمدشایان کو اسلحہ کی نوک پر لوٹ لیا گیا اور مسلح رہزن ان سے موٹر سائیکل ،نقدی ،موبائل فون سیٹس ،شناختی دستاویزات اور دیگر قیمتی سامان چھین کرلے گئے ۔

واقعے کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ کینٹ قسمت خان نے رہزنی کی اس واردات میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی اور پولیس کی سراغ رساں ٹیم نے ایس ایچ او کینٹ کی قیادت میں گزشتہ روز محمدزئی کے علاقے میںخفیہ اطلاع پر کامیاب چھاپہ مار کر رہزنی کی وارداتوں میں ملوث خطرناک رہزن امجد ولد مسلم سکنہ محمد زئی کو مزاحمت کے بعد اسلحہ سمیت حراست میں لیکر اسکی نشاندہی پرلاچی کے باشندوں سے چھینی گئی موٹر سائیکل ،4600روپے کی نقدی ،چارعدد موبائل فون سیٹ ،چھینے گئے شناختی کارڈز اور دیگر سامان کے علاوہ واردات میں استعمال ہونیوالا پستول بمعہ کارتوس بھی برآمد کرکے تحویل میں لے لیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں زیر حراست ملزم نے 16اکتوبر کو کوہاٹ ہنگو روڈ پرہونیوالی رہزنی کی واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف جرم کیاہے ۔زیر حراست رہزن سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :