کیپٹن صفدر کی گرفتاری کی پر زور مذمت کرتے ہیں،ترجمان قومی وطن پارٹی

پیر 19 اکتوبر 2020 21:14

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اکتوبر2020ء) قومی وطن پارٹی کے ترجمان نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء کیپٹن صفدر کی گرفتاری پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس طریقے سے ہوٹل پر دھاوا بول کرکیپٹن صفدر کو گرفتار کیا اس کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔اپنے ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ مسلم لیگی رہنماء کی گرفتاری کا طریقہ کارغیر اخلاقی اور جمہوری اقدار کے منافی اقدام ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو چاہیے کہ گرفتاری کے حوالے اپنے موقف کی وضاحت کرے کہ ا ن کی گرفتاری غیر جمہوری طریقے سے کیوں ہوئی اور چادر چاردیواری کا تقدس پامال کیوں کیا گیا۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہونے کے بعد اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے جس کا مقصد عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا ہے مگر اس قسم کے حربوں سے عوام کے مسائل اور ان میں پائی جانے والی بے چینی کم ہونے کی بجائے مزید بڑھے گی اور ان کی احساس محرومی میں اضافہ ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اگر کسی کا خیال ہے کہ اس قسم کے حربوں سے پی ڈی ایم میں دراڑیں ڈالی جائے تویہ ان کی غلط فہمی ہوگی۔