لاہور کی بڑی کلاتھ مارکیٹ میں آگ بھڑک اٹھی

پاکستان کلاتھ مارکیٹ اور اعظم کلاتھ مارکیٹ کے وسط میں لگے بجلی کے ٹرانسفارمر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے شعلے فضا میں بلند ہوئے جس کے بعد مارکیٹ کے تاجران میں خوف پھیل گیا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی پیر 19 اکتوبر 2020 21:40

لاہور کی بڑی کلاتھ مارکیٹ میں آگ بھڑک اٹھی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اکتوبر2020ء) لاہور کے حفیظ سنٹر کے بعد ایک اور بڑی مارکیٹ میں آگ بھڑک اٹھی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کلاتھ مارکیٹ میں بجلی کے ٹرانسفارمر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ۔ میڈیا ذرائع کے مطابق آگ کے شعلوں نے پاکستان کلاتھ مارکیٹ اور اعظم کلاتھ مارکیٹ کے تاجروں کو پریشان کردیا ۔ ذرائع کے مطابق تاجروں نے ریسکیو کی مدد سے آگ بجھائی ۔

میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان کلاتھ مارکیٹ اور اعظم کلاتھ مارکیٹ کے وسط میں لگے بجلی کے ٹرانسفارمر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے شعلے فضا میں بلند ہوئے جس کے بعد مارکیٹ کے تاجران میں خوف پھیل گیا ۔ ذرائع کے مطابق تاجران نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کیں اور ساتھ ہی ساتھ ریسکیو کو اطلاع دی ۔

(جاری ہے)

اطلا ع ملتے ہی ریسکیو  ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور مختصر وقت میں ہی آگ پر قابو پالیا گیا۔ اعظم کلاتھ مارکیٹ کے تاجر قائدین نے کہا کہ لیسکو اعظم  مارکیٹ میں لٹکتی تاروں کو ٹھیک کرے تاکہ حادثات کی روک تھام ممکن ہوسکے ۔ یاد رہے گزشتہ روز لاہور کے علاقہ گلبرگ میں بلند وبالا پلازہ حفیظ سنٹر میں آگ بھڑک اٹھی تھی، آگ نے تیسری اور چھوٹی منزل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا،صبح 6 بجے لگنے والی آگ نے حفیظ سنٹر کی دوسری منزل کو دیکھتے ہی دیکھتے لپیٹ میں لے لیا ۔

عمارت کی دوسری منزل پر ایک موبائل، کمپوٹر اور لیپ ٹاپ کی دکان تھی جہاں ریپیرنگ اور خریدو فروخت کا کام کیا جاتا تھا اس دکان کے اندر شاٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی ، جس نے دیکھتے ہی اردگرد کی دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ تقریباَ 16 گھنٹے تک پلازہ آگ کی لپیٹ میں رہا، جس میں کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ۔