آذربائیجان میں پاکستانی جھنڈے لہرانے لگے، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

ترکی اور پاکستان کے جھنڈے لوگوں نے اپنے گھروں کی بالکونیوں میں لگا دیے

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 20 اکتوبر 2020 06:13

آذربائیجان میں پاکستانی جھنڈے لہرانے لگے، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اکتوبر2020ء) آرمینیا کے خلاف جنگ میں پاکستان نے اپنا وزن آذربائیجان کے پلڑے میں ڈال کر آذری قوم کے دل جیت لیے ہیں اور اب وہاں پاکستانی پرچموں کی طلب بھی بڑھ گئی ہے۔آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان نگورنو کاراباخ کے تنازع پر جنگ کئی ہفتوں سے جاری ہے اور عارضی جنگ بندی کے باوجود آرمینیا کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

پاکستان اور ترکی نے آرمینیا سے جنگ کے معاملے پر آذربائیجان کی پہلے دن سے حمایت کررکھی ہے جس کے باعث دونوں ملکوں سے اظہار یکجہتی کیلئے باکو کے گھروں کی بالکونیوں میں دونوں ممالک کے پرچم لہرائے گئے تھے۔پاکستان کی حمایت کے بعد آذربائیجان میں پاکستانی جھنڈوں کی طلب میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جس کی تصدیق پاکستان میں تعینات آذری سفیر علی علی زادہ نے کی ہے۔

(جاری ہے)

اپنی ٹوئٹ میں آذری سفیر کا کہنا تھا کہ آذربائیجان میں لوگ ترکی اور پاکستان سے بے حد محبت کرتے ہیں اور اسی وجہ سے پاکستانی جھنڈوں کی طلب بڑھ گئی ہے۔

آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں رہائشیوں نے اپنے گھروں کی بالکونیوں میں پاکستان اور ترکی کے جھنڈے لگادیے۔

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بالکونیوں میں تینوں برادر اسلامی ملک پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے پرچم لگے ہوئے ہیں۔آذری سفیر نے تصویر کے ساتھ تینوں ممالک کے پرچم لگا کر ’مُکا‘ کا نشان (جس کا مطلب متحد) کے ہیں پوسٹ کی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کے دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کو نگورونو کاراباخ کے خطے میں سیکیورٹی کی بگڑتی صورتحال پر سخت تشویش ہے، آذربائیجان کی شہری آبادی پر آرمینیائی فوج کی گولہ باری قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ پاکستان نگورونو کاراباخ سے متعلق آذربائیجان کے موقف کی حمایت کرتا ہے، نگورونو کاراباخ پر آذربائیجان کا موقف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متفقہ قراردادوں کے مطابق ہے۔خیال رہے کہ عالمی سطح پر ’نگورنو کارا باخ‘ آذربائیجان کا تسلیم شدہ علاقہ ہے تاہم اس پر آرمینیا کے قبائلی گروہ نے فوج کے ذریعے قبضہ کررکھا ہے جب کہ اسی قبضے کے باعث پاکستان آرمینیا کو تسلیم نہ کرنے والا واحد ملک ہے۔دوسری جانب آرمینیا سے جنگ میں آذربائیجان کا پلڑا بھاری ہے اور اب تک نگورنو کاراباخ کے متعدد علاقوں سے قبضہ چھڑا لیا ہے۔