یورپی یونین سے جی ٹوئنٹی اجلاس میں شرکت محدود کرنے کی اپیل

سعودیہ میں انسانی حقوق کے خلاف ورزیو ں کے پیش نظر شرکت محدود کی جائے،65قانون سازوں کا مطالبہ

منگل 20 اکتوبر 2020 14:54

یورپی یونین سے جی ٹوئنٹی اجلاس میں شرکت محدود کرنے کی اپیل
برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2020ء) یورپی ممالک کے 65 قانون سازوں نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سعودی عرب میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے پیش نظر دارالحکومت ریاض میں منعقد ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں اپنی حاضری انتہائی محدود کر دیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 65 یورپی قانون سازوں نے مشترکہ مراسلے پر دستخط کیے۔

واضح رہے کہ یورپی قانون سازوں کی جانب سے دستخط کردہ اس مراسلے سے تقریبا ایک ماہ قبل وسیع پیمانے پر قراردادیں منظور کی گئیں جس میں موجودہ جی 20 کے صدر سے سعودی عرب میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو قانونی حیثیت دینے سے گریز کرنے کی اپیل کی گئی۔اگر قانون سازوں کے مطالبے پر عملدرآمد ہوا تو کمیشن کے صدر اروولا وون ڈیر لیین اور یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل جی 20 سربراہی ورچوئل اجلاس میں حصہ نہیں لیں گے۔

(جاری ہے)

مراسلے میں کہا گیا کہ ہمیں کسی ایسی حکومت کو قانونی حیثیت نہیں دینی چاہیے جو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ارتکاب کرے جو دنیا کے ایک سب سے اہم اجلاس کی میزبانی کر رہی ہے۔مراسلے میں مزید کہا گیا کہ ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ اس سال کے جی 20 سربراہی اجلاس میں اپنی شرکت کا ازسرنو جائزہ لیں اور اس میں شرکت نہ کرنے پر غور کریں بلکہ اس کے بجائے یورپی یونین کی شرکت کو سرکاری سطح پر انتہائی محدود کردیں۔دوسری جانب مذکورہ پیش رفت سے متعلق سعودی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ابھی یہ واضح نہیں کہ کمیشن کے صدر اور یورپی کونسل کے صدر قانون سازوں کی جانب سے پیش تحریری اپیل کو قبول کریں گے یا نہیں۔