برونڈی، صدر کے قتل کے جرم میں سابق صدر کو عمر قید کی سزا

سپریم کورٹ نے دیگر تمام قصورواروں سے مجموعی طور پر پانچ کروڑ ڈالر کی رقم بطور جرمانہ بھی جمع کرنے کوحکم جاری کردیا

بدھ 21 اکتوبر 2020 16:00

گیگا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2020ء) برونڈی کی سپریم کورٹ نے سابق صدر بویویا کو صدر اینڈاڈائے کے قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا سنادی ۔ ملک کے پہلے آزاد انتخابات میں صدر میلشور نے بویویا کو شکست دی تھی جس کے بعد ان کا قتل کر دیا گیا تھا۔میڈیارپورٹس کے مطابق مرکزی افریقی ملک برونڈی کی عدالت عظمی نے سابق صدر بویویا کو اس وقت کے صدر میلیشوراینڈا ڈائے کے قتل کا قصوروار قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنادی۔

(جاری ہے)

بویویا پر سابق صدر میلشور اینڈاڈائے کے قتل کا الزام تھا جو ملک کے پہلے آزادانہ و منصفانہ صدارتی انتخابات میں بویویا کو شکست دے کر صدر کے عہدے پر فائز ہوئے تھے۔ قتل کا یہ واقعہ سن 1993 کا ہے۔ سپریم کورٹ نے اسی کیس میں 19 دیگر افراد کو بھی سزا سنائی جس میں سے تین افراد کو 20 برس قید کی سزا دی گئی ہے۔ بیشتر افراد جنہیں اس کیس میں قصوروار ٹھہرایا گیا تھا وہ ملک سے باہر ہیں اور عدالت میں حاضر نہیں ہوئے۔ تمام قصورواروں سے مجموعی طور پر پانچ کروڑ ڈالر کی رقم بطور جرمانہ بھی جمع کرنے کو کہا گیا ہے۔