کراچی دھماکہ، عمارت کے سامنے سے گزرنے والا والدین کا اکلوتا بیٹا بھی جاں بحق ہو گیا

بیٹے کو زخمی حالت میں اسپتال لائے،اسپتال انتظامیہ نے کہا کہ پہلے 50 ہزار جمع کرواؤ پھر آپریشن کریں گے،پیسے نہ ہونے کی وجہ سے بیٹا دنیا سے چلا گیا۔ اہلخانہ کا الزام

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 21 اکتوبر 2020 16:28

کراچی دھماکہ، عمارت کے سامنے سے گزرنے والا والدین کا اکلوتا بیٹا بھی ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2020ء) کراچی دھماکے میں والدین کا اکلوتا بیٹا بھی اللہ کو پیارا ہو گیا۔لواحقین اکلوتے سپوت کے بچھڑنے پر غم سے دوچار ہیں۔تفصیلات کے مطابق 19 سالہ یاسر کراچی میں ہونے والے گیس لیکج دھماکے میں جاں بحق ہو گیا۔ورثاء نے اسپتال انتظامیہ پر ابتدائی طبی امداد نہ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ پیسوں کی وجہ سے یاسر کا علاج نہیں کیا گیا۔

عمارت کے سامنے سے گزرنے والے یاسر کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔19 سالہ نوجوان پٹیل اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔یاسر ٹائروں کا کام کرتا تھا جب کہ تین بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔نوجوان کے لواحقین غم سے نڈھال ہیں،انہوں نے اسپتال کے باہر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پیسے نہ ہونے کی وجہ سے بیٹے کا علاج نہ ہو سکا۔

(جاری ہے)

اہلخانہ نے مزید کہا کہ اسپتال انتظامیہ نے کہا کہ پہلے 50 ہزار روپے جمع کرواؤ پھر آپریشن کیا جائے گا۔تاہم اسپتال انتظامیہ نے لواحقین کی جانب سے پیسے مانگنے کا الزام مسترد کر دیا ہے۔جب کہ سیکرٹری ہیلتھ کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے زخمیوں کو مفت علاج کیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ محکمہ صحت سندھ نے کہاہے کہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 7 کی رہائشی عمارت میں ہونے والے پراسرار دھماکے میں 5افرادجاں بحق اور 28زخمی ہوگئے،لاشوں اور زخمیوں کو 3نجی اور2 سرکاری ہسپتالوں میں لایا گیا۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق دھماکے کی18 زخمی پٹیل ہسپتال لائے گئے،جن میں سے 3 کی حالت تشویش ناک ہے۔ گلشن اقبال دھماکے سے متعلق محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ ایک زخمی دارالصحت ہسپتال لایا گیا،واقعہ کے 3 زخمی ماڈرن ہسپتال یونیورسٹی روڈ میں زیر علاج ہیں۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق جناح ہسپتال میں 3 زخمی زیرعلاج ہیں،عباسی شہید ہسپتال میں 3 افراد کی لاشیں لائی گئی ہیں اور3 زخمی زیر علاج ہیں۔

ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق دھماکے میں مجموعی طور پر 5 افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہوئے ہیں۔ڈی آئی جی کراچی ایسٹ نعمان صدیقی کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں مسکن چورنگی پر واقع ایک رہائشی عمارت میں بدھ کی صبح سوا 9 بجے خوفناک دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں رہائشی عمارت کے کارنر کے دو فلیٹ مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔