ماہ ستمبر، ٹرمپ کے مقابلے میں بائیڈن نے زیادہ عطیات اکھٹے کیے

سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا کہ ٹرمپ کے پاس اپنے حریف کے مقابلے میں انتخابی مہم کیلئے کم رقم ہو گی،اشتہاری کمپنی

جمعرات 22 اکتوبر 2020 17:09

ماہ ستمبر، ٹرمپ کے مقابلے میں بائیڈن نے زیادہ عطیات اکھٹے کیے
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2020ء) ایسے میں جب کہ دونوں صدارتی امیدواروں کی انتخابی مہم زور و شور سیجاری ہے، تین نومبر کے انتخاب سے محض چند ہفتے قبل، ستمبر کے مہینے میں ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مقابلے میں اپنی صدارتی مہم کیلئے زیادہ چندہ جمع کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریپبلکن نیشنل کمیٹی اور شریک گروپوں کے ہمراہ ماہ ستمبر میں 247.8 ملین ڈالر چندہ اکٹھا کیا جو کہ ان کے حریف جو بائیڈن اور ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کے جمع کردہ 383 ملین ڈالر کے مقابلے میں کہیں کم ہے۔

صدر ٹرمپ کی صدارتی مہم کے کمیونیکیشنز ڈائریکٹر ٹم مرٹاگ نے اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا کہ ستمبر کے آخر میں صدر ٹرمپ کی مہم کے پاس خرچ کرنے کیلئے 251 اعشاریہ چار ملین ڈالر تھے، جب کہ ٹھیک اسی وقت بائیڈن مہم کے پاس 432 ملین ڈالر موجود تھے۔

(جاری ہے)

اشتہارات کی ٹریکنگ کرنے والی فرم، کینٹار سی ایم اے جی کا کہنا تھا کہ ایک وقت میں یہ سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا کہ صدر ٹرمپ کے پاس اپنے حریف کے مقابلے میں انتخابی مہم کیلئے کم رقم ہو گی۔

روایتی طور پر بر سر اقتدار صدور جب دوبارہ انتخاب کیلئے مہم کا آغاز کرتے ہیں تو ان کے پاس اپنے حریفوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ رقم ہوتی ہے۔ ٹرمپ مہم کا کہنا تھا کہ وہ آن لائن اور ریڈیو ٹی وی پر اشتہارات کیلئے ان کے بینک میں موجود خاطر خواہ رقم پر انحصار کر رہے ہیں۔ تاہم کینٹار سی ایم اے جی کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے، بائیڈن مہم نے ٹرمپ مہم سے 10 ملین ڈالر زیادہ رقم اشتہارات پرخرچ کئے۔

متعلقہ عنوان :