ریاض کی گولڈ مارکیٹ میں خفیہ راستوں اور گوداموں کا انکشاف

چھاپے کے وقت غیر ملکی ملازمین کو دُکانوں کے نیچے بنائی گئی ان خفیہ پناہ گاہوں میں چھُپا دیا جاتا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 23 اکتوبر 2020 12:52

ریاض کی گولڈ مارکیٹ میں خفیہ راستوں اور گوداموں کا انکشاف
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 اکتوبر2020ء) سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین کے خلاف کریک ڈاؤن زور و شور سے جاری ہے، اس کے علاوہ کئی شعبوں میں سعودائزیشن کا نفاذ بھی کر دیا گیا ہے جس کے بعد ان شعبوں میں ملازمت کرنے والے غیر ملکیوں کو بھی فارغ کیا جا رہا ہے اور جو مالکان تارکین وطن کو نوکریاں دے رہے ہیں، ان پر جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔

ریاض کی گولڈ مارکیٹ میں سعودی وزارت تجارت، وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود اور محکمہ زکوٰة و آمدنی کے اہلکاروں کی جانب سے مشترکہ طور پر کریک ڈاؤن کیا گیا جس دوران سونے چاندی اور قیمتی پتھروں کی چھپائی گئی بڑی مقدار برآمد ہوئی ہے۔ تفتیشی ٹیموں کی حیرت کی انتہا نہ رہی جب انہیں پتا چلا کہ گولڈ مارکیٹ کی دُکانوں کے نیچے باقاعدہ گودام اور خفیہ راستے بنے ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

جب بھی گولڈ مارکیٹ پر سرکاری اہلکاروں کی جانب سے چھاپہ مارا جاتا تو ان ملازمین کو زیر زمین گوداموں میں چھُپادیاجاتا تھا۔
جس کے باعث یہ ملازمین پکڑے جانے سے صاف بچ نکلتے تھے۔ تاہم مخبری کے بعد باقاعدہ تیاری سے ریاض گولڈ مارکیٹ کی کئی دُکانوں میں بنائے گئے گوداموں اور زیر زمین راستوں کا پتا چلا کر کارروائی کی گئی جس دوران کروڑوں ریال کے زیورات اور قیمتی پتھروں کے علاوہ غیر مُلکی ملازمین کی پناہ گاہوں کا بھی انکشاف ہوا۔

سعودی عرب میں زیورات کی دُکانوں پر بھی سعودائزیشن پالیسی نافذ کر دی گئی ہے جس کے بعد یہاں پر صرف مقامی افراد کو ملازم رکھا جاسکتا ہے۔
تاہم کئی جیولرز کی جانب سے ان احکامات کی خلاف ورزی کی جا رہی تھی۔ وزارت تجارت کی جانب سے ا س ساری چھاپہ مار کارروائی کی ایک ویڈیو بھی بنائی گئی، جسے دیکھ کر لوگوں کی آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ گئی ہیں۔