سعودی عرب میں بحری تاریخ کی سب سے بڑی منشیات کی مقدار پکڑی گئی

شاہی بحریہ نے 100 ملین ڈالر کی کرسٹل میتھ پکڑ لی، وزن 45 کلوگرام سے زیادہ بتایا جا رہا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 23 اکتوبر 2020 18:06

سعودی عرب میں بحری تاریخ کی سب سے بڑی منشیات کی مقدار پکڑی گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔23 اکتوبر2020ء) سعودی عرب میں بحری تاریخ کی سب سے بڑی منشیات کی مقدار پکڑی گئی۔شاہی بحریہ نے 100 ملین ڈالر کی کرسٹل میتھ پکڑ لی، وزن 45 کلوگرام سے زیادہ بتایا جا رہا ہے۔ یہ بحریہ کی جانب سے اب تک کی سب سے بڑی کامیاب کارروائی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی شاہی بحریہ نے نشہ آور میتھا فیٹامن (کرسٹل میتھ) کی ریکارڈ مقدار ضبط کرلی ہے- اس سے قبل سو ملین ڈالر سے زیادہ مالیت کی کرسٹل میتھ ضبط نہیں کی گئی تھی- بحق سرکار ضبط کی جانے والی نشہ آور کرسٹل میتھ کا وزن 450 کلو گرام سے زیادہ بتایا جاتا ہے-بحریہ فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر سلیمان الفقیہ نے بتایا کہ بحریہ نے اپنی تاریخ میں اتنی بڑی کامیابی کبھی حاصل نہیں کی- مونٹروز جہاز آپریشن میں شامل رہا-فورس کے ڈپٹی کمانڈر دین باسیت نے بتایا کہ اس آپریشن میں کئی ٹیموں نے حصہ لیا- ایک ٹیم ایسی بھی تھی جو سمندر میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے میں مدد دیتی ہے- مشترکہ فورس نے اس میں دہشتگردی، سمگلنگ اور قذاقی جیسی سرگرمیوں کے لیے سمندری ماحول سے ناجائز فائدہ اٹھانے والے عناصر کی تلاش پر مامور ٹیم سے بھی تعاون لیا- بحریہ کی مشترکہ فورس نے تمام ٹیموں کے تعاون سے یہ آپریشن کرکے بڑی کامیابی حاصل کرلی-یاد رہے کہ مشترکہ سمندری فورس بحر احمر، خلیج عدن، بحر عرب، خلیج عمان اور بحرہند میں 303 ملین میل کے دائرے میں کام کررہی ہے- یہ منشیات اور اسلحہ کی سمگلنگ کے انسداد، جہاز رانی کی سلامتی اور بین الاقوامی تجارتی جہازوں کے لیے سمندری راستوں کی سلامتی پر مامور ہے-