توہین آمیز خاکے ۔ جماعت اسلامی خواتین کے تحت اجتماعات میں قرار داد منظور

فرانس کی تمام مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے ، سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں

بدھ 28 اکتوبر 2020 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2020ء) حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے تحت ملک بھر میں ہونے والے اجتماعات میں گستاخی رسول ؐ پر حکومت فرانس کی سرپرستی کی مذمت میں قرارداد پیش کی گئی۔ قرار داد کے میں کہا گیا کہ حضور نبی کریمؐ کی ذات گرامی مسلمانان عالم کی محبت کا اعلی ترین مرکز ہے۔اسلام دشمن طاقتیں مسلمانوں کے جذبہ ایمانی کے اول و آخر ذریعہ ایمان کو تباہ کرنا چاہ رہے ہیں ۔

فرانس جو خوشبوؤں کا مرکز سمجھا جاتا تھا۔اس باراسلامو فوبیا میں مبتلا اور اٴْسکا صدر میکرون نفسیاتی بیماری میں مبتلا ہے ۔ہمارے محبوب نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات کو نشانہ تضحیک بنانے کی سرکاری سرپرستی کر رہا ہے جس سے عالم اسلام کے جذبات شدید مجروح ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

فرانس کے صدر کے اس گستاخانہ عمل کی آزادی اظہار کے حق کی آڑ میں متعصب روئیے , حرکات و بیانات مسلمانوں کے لئے ناقابل برداشت ہیں۔

ہم میکرون کی ان مکروہ چالوں کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ حکمراں اپنی سوئی ہوئی غیرت ایمانی کو جگائیں اور اس کے خلاف متحدہ لائحہ عمل اختیار کر کے فرانس کے سفیر کوملک سے بے دخل کریں۔پونے دو ارب مسلمانوں کی دل آزاری کے ازالے کے لئے اجتماعی ردعمل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔مسلمان ممالک کی حکومتیں او آئی سی کا اجلاس بلا کر مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں اور فرانس کے صدر کو معافی مانگنے پر مجبور کریں اور گستاخی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

جب تک فرانس سرکاری سطح پر اس حرکت پر معافی نہ مانگے حکومت پاکستان فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کرے اس کے ساتھ فرانس کی تمام مصنوعات کا سرکاری و عوامی سطح پر بائیکاٹ کیا جائے۔ بین الاقوامی سطح پر ایسی قانون سازی کی جائے جس میں توہین رسالتؐ کے مرتکب افراد پر پابندیاں لگائی جائیں انہیں بلیک لسٹ میں ڈالا جائے۔ انکے ممالک کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ناموس رسالت کاتحفظ انتہائی اہم ہے ۔اس کے لئے تمام مسلمانوں کو سیاسیی اور دیگر اختلافات سے بالا تر و متحد ہو کر یک آواز و یک زبان ہو نا ہوگا۔ شرکا نے متفقہ طور پر قرارداد کو منظور کیا۔