جدہ ، پولیس نے فرانسیسی قونصل خانے کے محافظ کو چاقو گھونپنے والے شخص کو گرفتار کر لیا

جمعرات 29 اکتوبر 2020 23:05

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اکتوبر2020ء) سعودی ساحلی شہر جدہ میں پولیس نے فرانسیسی قونصل خانے کے ایک محافظ کو چاقو گھونپنے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔سعودی پریس کے مطابق پولیس ترجمان میجر محمد الغامدی نے بتایا ہے کہ ’’محافظ کو تیز دھار آلے سے زخمی کرنے والا سعودی شہری ہے۔زخمی محافظ کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔‘‘ ریاض میں واقع فرانسیسی سفارت خانے نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے اور ٹویٹرپر ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ جمعرات کی صبح فرانسیسی قونصلیٹ جنرل میں ایک سکیورٹی محافظ کو چاقو گھونپنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ محافظ ایک نجی سکیورٹی کمپنی کا ملازم ہے اور اس کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی صحت کی حالت مستحکم ہے۔سعودی سکیورٹی فورسز نے حملہ آور کو فوری طور پر گرفتار کر لیا ہے۔‘‘پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’فرانس کا سفارت خانہ ایک سفارتی مقام پر اس سفاکانہ حملے کی مذمت کرتا ہے اور متاثرہ شخص کی مکمل حمایت کا اظہار کرتا ہے۔وہ سعودی حکام پر بھی اپنے اس اعتماد کا اظہار کرتا ہے کہ وہ اس حادثے کے پس منظرحالات کو بے نقاب کریں گے اور سعودی عرب میں فرانسیسی تنصیبات اور فرانسیسی کمیونٹی کی سکیورٹی کو یقینی بنائیں گے۔