وزیرداخلہ کا غیرذمہ دارانہ بیان، اے این پی کا ریاست سے وضاحت کا مطالبہ

وزیرداخلہ اعجاز شاہ انتہائی لاعلم اور بے خبر وزیر ہے،ریاست سے مطالبہ کرتے ہیں وزیرداخلہ کے بیان کی وضاحت کریں، اسفندیارولی خان

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 21:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 اکتوبر2020ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ وزیرداخلہ اعجاز شاہ کا بیان انتہائی غیرذمہ دارانہ ہے۔ موصوف ایک لاعلم اور بے خبر وزیر ہیں۔ اے این پی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کئی سو کارکنان اور رہنمائوں کی قربانیاں دی ہیں۔

(جاری ہے)

باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی سربراہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست وزیرداخلہ کے بیان کی وضاحت کریں اور ساتھ میں اس بات کی بھی وضاحت کی جائے کہ کیا اے این پی دہشتگردی کے خلاف جنگ ریاست کے تحفظ کیلئے لڑ رہی تھی یا ریاست کے خلاف اے این پی سربراہ نے کہا کہ جس وقت بشیربلور اور میاں افتخارحسین کے اکلوتے فرزند کو شہید کیا گیا اس وقت سیکیورٹی فورسز ملک میں دہشتگردی کے خلاف آپریشن کررہی تھی اور عوامی نیشنل پارٹی نے دہشتگردی کے خلاف یہ جنگ سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر لڑی اور دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے کئی سو قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ جس وقت دہشتگردوں کے خلاف ملک میں جنگ جاری تھی اس وقت موصوف وزیرداخلہ کہاں تھی ریاست کو ان کے بیان کی وضاحت کرنی چاہیے کہ کیا اے این پی کی دہشتگردی کے خلاف جنگ ریاست کے تحفظ کیلئے تھی یا ریاست کے خلاف ۔