عمر اکمل اپیل کیس، یکم دسمبر کو ورچوئل سماعت ہوگی

ھیلوں کی ثالثی عدالت نے کوئنز کونسل سے ایک ایڈ جیوڈیکٹر مقرر کردیا ہے، ثالثی عدالت ہی اپیل کیس کا فیصلہ سنائے گی، مدت طے نہیں کی گئی

بدھ 4 نومبر 2020 14:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 نومبر2020ء) کرکٹر عمر اکمل کیس کی عالمی ثالثی عدالت میں سماعت کے لئے تاریخ مقرر کر دی گئی ہے، عمر اکمل اپیل کیس کی سماعت یکم دسمبر کو ورچوئل ہوگی۔ ذرائع کے مطابق ھیلوں کی ثالثی عدالت نے کوئنز کونسل سے ایک ایڈ جیوڈیکٹر مقرر کردیا ہے، ثالثی عدالت ہی اپیل کیس کا فیصلہ سنائے گی، مدت طے نہیں کی گئی۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورچوئل سماعت کے لئے درخواست کی تھی، کرکٹر عمر اکمل کی پبلک میں سماعت کی درخواست مسترد کردی گئی تھی، ورچوئل سماعت کی وجہ سے پی سی بی کے اخراجات نہیں ہوں گے۔اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پرعمر اکمل کو تین برس کی پابندی کی سزا ہوئی تھی، آزاد ایڈجیوڈیکٹر نے عمر اکمل کی سزا میں 18 ماہ کی کمی کی تھی۔

(جاری ہے)

پی سی بی نے سزا میں کمی کے بعد ثالثی عدالت سے رجوع کیا، عمر اکمل نے 18 ماہ کی سزا برقرار رکھنے پر ثالثی عدالت میں اپیل کی۔یاد رہے کہ 20 فروری کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت عمر اکمل کو فوری طور پر معطل کر دیا تھا اور اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے جاری تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔ اس معطلی کی وجہ سے عمر اکمل پاکستان سپر لیگ 5 میں بھی حصہ نہیں لے سکے تھے۔

بعد ازاں یہ خبریں سامنے آئیں کہ عمر اکمل کو بکی نے میچ فکسنگ کی پیشکش کی تاہم وہ اس کی اطلاع بروقت پی سی بی کو دینے میں ناکام رہے۔اس کے بعد عمر اکمل کے فون کا ڈیٹا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اینٹی کرپشن یونٹ نے اپنے پاس رکھ لیا اور عمر اکمل کو طلب کرکے ان کے دونوں فونز قبضے میں لے لیے گئے تھے۔17 مارچ کو عمر اکمل پر فرد جرم عائد کی گئی تھی، عمر اکمل نے انٹی کرپشن ٹریبونل میں سماعت کی درخواست نہیں کی تھی جس کے باعث عمر اکمل کا کیس ڈسپلنری پینل کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان کو بھیج دیا گیا تھا۔27 اپریل کو ڈسپلنری پینل کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان نے تین سال کی پابندی کا فیصلہ سنایا تھا۔