پاکستان میں مشہوربھارتی ایپ زی فائیو پرپابندی عائد کردی گئی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام بینکوں کو بھارتی ایپ زی فائیو کی ادائیگیاں کرنے سے منع کردیا ، اعلامیہ جاری

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات 12 نومبر 2020 21:09

پاکستان میں مشہوربھارتی ایپ زی فائیو پرپابندی عائد کردی گئی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین - 12 نومبر2020ء) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مشہور بھارتی ایپلیکیشن زی فائیو کی ادائیگیوں پر پابندی عائد کردی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی بینک بھارتی ایپ زی فائیو کی سبسکرپشن کے لیے ادائیگیاں نہ کرے ۔ بینکس بھارتی ایپ کی ہر قسم کی ادائیگیاں فوری طور پر بند کردیں ۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جار مراسلے کے مطابق تمام بینکوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ زی فائیو ایپ کے ذریعے ہونے والی ادائیگیوں کو روک دیں اور اس ایپ کے ذریعے ہونے والی تمام ادائیگیوں کی تفصیلات 13 نومبر تک اسٹیٹ بینک میں جمع کروائیں ۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بھارت زی فائیو نامی ایپلیکیشن کے ذریعے پاکستان مخالف پراپیگنڈے پر کام کررہا ہے۔

(جاری ہے)

اس لیے بھارت کے ناپاک عزائم کو روکنے کے لیے اس ایپ پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔
واضح رہے کہ زی فائیو ایک ویڈیو آن ڈیمانڈ سروس ہے، اس ایپلیکیشن پر مختلف ویب سیریز اور فلمیں اپلوڈ کی جاتی ہیں جن تک صرف اس کے سبسکرائبرز کو ہی رسائی حاصل ہوتی ہے ۔ زی فائیو نامی ایپلیکیشن پر گذشتہ کئی عرصے سے پاکستان مخالف اور اسلامی اقدار کے منافی مواد اپلوڈ کیا جا رہا تھا، جس کے باعچ اسٹیٹ بینک کی جانب سے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے ۔