رومانیہ ، کورونامریضوں کے ہسپتال میں آگ لگنے سے 10 افراد ہلاک

آگ سرکاری ہسپتال میں کورونا مریضوں کے لیے قائم انتہائی نگہداشت وارڈ میںشارٹ سرکٹ سے لگی،حکام

اتوار 15 نومبر 2020 19:10

بخارسٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 نومبر2020ء) رومانیہ میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کے ہسپتال میں آتشزدگی سے 10 افراد ہلاک ہوگئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایمرجنسی یونٹ کے ترجمان ارینا پوپا نے بتایا کہ پیٹرا نیامٹ نامی شہر کے سرکاری ہسپتال میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے قائم کیے جانے والے انتہائی نگہداشت وارڈ میں آگ لگی۔

انہوں نے بتایا کہ آگ کی وجہ سے 7 دیگر افراد شدید جھلس چکے ہیں جہاں مجموعی طور پر کووڈ 19 مریض وینٹیلی لیٹر پر تھے۔وزیر صحت نیلو تاتارو نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی تھی۔مقامی میڈیا کے مطابق ہسپتال طویل عرصہ سے ناقص انتظام سے دوچار تھا جہاں حکومت کے مقرر کردہ 8 مینیجر گزشتہ سال سے ہسپتال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ہسپتال کے موجودہ منیجر لوسین مائیکو کو صرف 3 ہفتے قبل ہی اس عہدے پر مقرر کیا گیا تھا جبکہ ان سے قبل موجود منیجر کو مریضوں کے ساتھ خراب سلوک پر عہدے سے برطرف کردیا گیا تھا۔

لوسین مائیکو نے بتایا کہ ڈیوٹی پر موجود ایک ڈاکٹر نے مریضوں کو شعلوں سے بچانے کی کوشش کی جس کی حالت تشویش ناک ہے کیونکہ اس کا 80 فیصد جھلس چکا ہے۔خیال رہے کہ رومانیہ میں کورونا وائرس کے اب تک 3 لاکھ 53 ہزار کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس سے 9 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔خیال رہے کہ اسی طرح کا ایک وقعہ روس کے دارالحکومت ماسکو میں پیش آیا جہاں وائرس سے متاثرہ مریضوں کے ہسپتال میں آتشزدگی سے ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔حکام نے بتایا تھا کہ کورونا وائرس کے دیگر تمام مریضوں کو باحفاظت نکال لیا گیا تھا۔