ٹرمپ کا اپنی ہی وکیل سے لا تعلقی کا اظہار

DW ڈی ڈبلیو پیر 23 نومبر 2020 15:00

ٹرمپ کا اپنی ہی وکیل سے لا تعلقی کا اظہار

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 23 نومبر 2020ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ سڈنی پاول اب نہ تو صدر کی قانونی ٹیم اور نہ ہی ان کے لیے ذاتی طور پر کام کرتی ہیں۔ پاول نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی شدید مذمت کی تھی۔

مزید پڑھیے: جارجیا میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی، بائیڈن کی کامیابی کی تصدیق

اس دھواں دار پریس کانفرنس کے بعد صدر ٹرمپ نے پاول کے ساتھ وابستگی ختم کر دی ہے۔

مبینہ دھاندلی کے کمزور دلائل

سڈنی پاول کا دعویٰ تھا کہ ٹرمپ اپنے حریف جو بائیڈن کو بڑے مارجن سے شکست دے چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے دعوی کیا کہ کیوبا، وینزویلا اور دیگر ’کمیونسٹ‘ ریاستوں نے ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن کے حق میں ہیکر حملوں کے ذریعے الیکشن میں ہیرا پھیری کرائی۔

(جاری ہے)

تاہم ان کی جانب سے ان دعووں کے کوئی ثبوت پیش نہیں کیے گئے۔

ٹرمپ کے نجی وکیل روڈی گولیانی الیکشن میں شکست کے خلاف قانونی کارروائی کی سربراہی کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسی پریس کانفرنس میں ٹرمپ کے دوبارہ منتخب ہونے کے خلاف ’قومی سازش‘ کی بات کی۔ اس کے علاوہ صدارتی وکیل نے ڈیموکریٹس اور صحافیوں پر زبانی الزام تراشی بھی کی۔

ٹرمپ نے ابھی تک تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں شکست تسلیم نہیں کی ہے۔

تاہم ان کی جانب سے بغیر کسی ٹھوس ثبوت پیش کیے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات عائد کیے گئے۔ انتخابی کمیشن کے اہلکار اور ماہرین اس کی تردید کرتے ہوئے جو بائیڈن کی جیت کو جائز قرار دے رہے ہیں۔ اب تک کئی اہم ریاستوں میں ٹرمپ کی ٹیم کو انتخابی نتائج کو قانونی چیلنج کرنے پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑ چکا ہے۔

ع آ / ع س (روئٹرز، اے ایف پی)