کنٹریکٹ کی خلاف ورزی، پی سی بی نے خلیف ٹیکنالوجیز سے راہیں جدا کر لیں

معاہدہ متعلقہ کمپنی کو معاہدے کی تعمیل کے حوالے سے کئی مرتبہ یاد دہانی کرانے کے باوجود مسلسل خلاف ورزی پر منسوخ کیا گیا

منگل 24 نومبر 2020 17:10

کنٹریکٹ کی خلاف ورزی، پی سی بی نے خلیف ٹیکنالوجیز سے راہیں جدا کر لیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2020ء) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے کنٹرکٹ کی خلاف ورزیوں پر پاکستان سپر لیگ کا ایک اور معاہدہ ختم کرتے ہوئے کے ڈبلیو ایم ٹی آر فینٹسی اور کلپ رائٹس سے راہیں جدا کر لی ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پی سی نے بتایاکہ یہ معاہدہ متعلقہ کمپنی کو معاہدے کی تعمیل کے حوالے سے کئی مرتبہ یاد دہانی کرانے کے باوجود مسلسل خلاف ورزی پر منسوخ کیا گیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے لیے 2019 میں خلیف ٹیکنالوجیز کے ساتھ 3سال کے لیے معاہدہ کیا تھا جس کے مطابق وائرلیس موبائل ٹیکنالوجی اور ایس ایم ایس رائٹس، ڈیجیٹل کلپ، فینٹیسی لیگ پلیٹ فارم اور ایپ رائٹس خلیف ٹیکنالوجیز کو دیے گئے تھے تاہم طے شدہ معاہدے کی متعدد مرتبہ خلاف ورزیاں کی گئیں جس میں ادائیگیاں نہ ہونا، سیکیورٹی کی ادائیگی اور انشورنس کی ادائیگیاں شامل ہیں۔پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاہدہ منسوخ کردیا ہے البتہ بورڈ خلیف ٹیکنالوجیز کے خلاف قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے اور یہ صرف معاوضوں کی وصولی، ہونے والے نقصانات اور معاہدے تک محدود نہیں ہو گا۔