ایس ایم ای سیکٹراور دیگر صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے شرح سود میں کمی ناگزیر ہے ، ایس ایم منیر

کورونا بحران ٹلا نہیں، صنعتوں کی مالی معاونت اور آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی جاری رکھی جائے سلیم الزماں

منگل 24 نومبر 2020 18:47

ایس ایم ای سیکٹراور دیگر صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے شرح سود میں کمی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2020ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور صدر سلیم الزماں نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث دباؤ کا شکار معیشت کو سہارا دینے کے لیے ایس ایم ای سیکٹراور دیگر صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے شرح سود میں کمی ناگزیر ہے ،تاہم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود برقرار رکھنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

ایس ایم منیر نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی مانیٹری کمیٹی کی جانب سے شرح سود برقرار رکھنے کا فیصلہ خوش آ،ْئند ہے علاوہ ازیں مرکزی بینک کی رپورٹ میں صنعتوں کے لیے مالیاتی اسٹیمولے جاری رکھنے کے فیصلے کا بھی خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ میں بڑے صنعتی شعبوں کی پیدوار مستحکم ہونے اور برآمدات کی قبل از وبا ء سطح پر واپس آنے کے اعداد و شمار حوصلہ افزا ہے اس لیے وزیر اعظم عمران خان اور ان کی معاشی ٹیم مبارکباد کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

صدر کاٹی سلیم الزماں نے کہا کہ مانیٹری کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق ٹیکسٹائل، سیمنٹ، کیمیکل اور فاما سیوٹیکل صنعتوں کی پیدوار میں بہتری کے اعشاریے خوش آئند ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں پالیسی ریٹ برقرار رکھنا دانش مندانہ اقدام ہے تاہم غذائی اجناس کی قیمتوں پر قابوپانے کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتکار برادری وزیر اعظم کی جانب سے قومی صنعتی پالیسی کی منظوری اور اس میں ملکی صنعتوں کو فروغ دینے کے لیے اہم اقدامات کے اعلان کی منتظر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت صنعتوں کی پیدواری لاگت کے اعتبار سے گیس کی فراہمی میں تعطل اور زائد قیمتیں ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے امید ہے وزیر اعظم صنعتی پالیسی میں اس حوالیسے اہم فیصلے کریں گے۔ سلیم الزماں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے کورونا وبا ئکی روک تھام کے اقدامات کے باوجود صنعتی پیدوار کا تسلسل اطمینان بخش حد تک برقرار رہا ہے تاہم ابھی یہ بحران پوری طرح ٹلا نہیں اس لیے صنعتوں کے مالیاتی استحکام کے لیے حکومتی معاونت اور آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ برقرار رکھنا ہوگا۔