یونیورسٹی روڈ پر میٹرو اور نیپا کے درمیان مختلف مقامات پر سڑک کی مرمت اور کارپیٹنگ کا کام مکمل کرلیا ہے ،ایڈمنسٹریٹرکراچی

جمعہ 27 نومبر 2020 18:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2020ء) ایڈمنسٹریٹر و کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ ورکس اینڈ سروسز نے یونیورسٹی روڈ پر میٹرو اور نیپا کے درمیان مختلف مقامات پر سڑک کی مرمت اور کارپیٹنگ کرکے متاثرہ ٹریک کو موٹر ایبل بنا دیاہے، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر میٹرو ڈپارٹمنٹل اسٹور سے لے کر نیپا چورنگی تک سڑک کئی جگہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی اور اس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑ رہا تھالہٰذا اس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو جلد از جلد سڑک کو ٹھیک کرنے کی ہدایت کی جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے محکمہ ورکس اینڈ سروسز نے کے ایم سی کے اپنے وسائل کے ذریعے سڑک کی مرمت اور کارپیٹنگ شروع کی اور دن کے علاوہ رات کے اوقات میں بھی کام جاری رکھا گیا جس کے بعد اب اس سڑک پر پڑنے والے گڑھے بھر دیئے گئے ہیں اور جہاں جہاں ضرورت تھی وہاں کارپیٹنگ بھی کردی گئی ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے کہا کہ یونیورسٹی روڈ کی اہمیت کے باعث اس کی مرمت و کارپیٹنگ تیزی سے کرنے کی ہدایت کی تھی کیونکہ اس روڈ پر جامعہ کراچی، این ای ڈی یونیورسٹی، ہیڈ آفس محکمہ موسمیات، بڑے اسپتال، تعلیمی ادارے اور خریداری کے مراکز واقع ہیں جہاں ہر روز ہزاروں افراد کی آمدورفت رہتی ہے،ڈائریکٹر جنرل ورکس شہبیہ الحسن زیدی نے اس موقع پر بتایا کہ ایڈمنسٹریٹر نے ایسی تمام سڑکوں اور شاہراہوں پر پڑنے والے گڑھوں کو بھرنے اور سڑک کی سطح ہموار کرنے سمیت استرکاری اور پیوندکاری کے کام ترجیحی بنیادوں پر انجام دینے کی ہدایت کی ہے جبکہ اس مقصد کے تحت محکمہ ورکس کی ایک فیلڈ فورس بھی تشکیل دی گئی ہے جو روڈ کنسٹرکشن کے لئے درکار مٹیریل اور لیبر سمیت شہر کی مختلف سڑکوں کی نگرانی کے کام پر مامور کردی گئی ہے اور جس جگہ بھی سڑک خراب حالت میں پائی گئی اسے فوری طور پر ٹھیک کیا جائے گا، قبل ازیں شاہراہ پاکستان پر سہراب گوٹھ سے لیاقت آباد نمبر10 تک دونوں ٹریکس کی مرمت اور کارپیٹنگ کی جاچکی ہے جبکہ دیگر سڑکوں کو ٹھیک کرنے کا کام بھی جاری ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے کہا کہ سڑکوں کے نظام کو اپ گریڈ کرنے کے لئے تمام متعلقہ محکموں کے اشتراک سے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد کیا جائے کیونکہ شہریوں کو اندرون شہر بہتر اور باسہولت سفری سہولیات فراہم کرنا ضروری ہے اس مقصد کے تحت تمام ضروری اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں اور سڑکوں کے ساتھ ساتھ پلوں اور فلائی اوورز کی مینٹی نینس کو بھی جاری رکھا ہوا ہے، انہوں نے کہاکہ سڑکیں ٹھیک ہونے سے سفر کا دورانیہ کم ہوجاتا ہے اور حادثات کا امکان نہیں رہتا جس سے توانائی کی بھی بچت ہوتی ہے، دنیا کے بڑے شہروں میں اسی پالیسی کے تحت سڑکوں کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو سہولت ملے اور صنعتی علاقوں میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو،کراچی کی سڑکوں پر گڈز ٹرانسپورٹ کا بھی خاصا دباؤ ہے جس کی وجہ سے بعض علاقوں کی سڑکیں اکثر و بیشتر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتی ہیں اور ٹریفک کی روانی میں خلل پڑتا ہے لہٰذا اس صورتحال سے نمٹنے کے لئے بھی بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کے کام کئے جائیں۔