علی ظفر کا سندھی لوک گیت مقبول

سندھ کی محبت کیلئے، میرے سندھی بھائی، بہن اور اجرک کے کاریگر داد کے مستحق ہیں، گلوکار

جمعہ 27 نومبر 2020 18:52

علی ظفر کا سندھی لوک گیت مقبول
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2020ء) عالمی شہرت یافتہ گلوکار و اداکار علی ظفر نے اپنا نیا سندھی لوک گیت ’الے‘ ریلیز کردیا ہے جو ریلیز ہوتے ہی ٹرینڈز میں موجود ہے۔ 13 سالہ گلوکارہ عروج فاطمہ کیساتھ گائے بلوچی گیت ’لیلا او لیلا‘ کی بھرپور کامیابی کے بعد علی ظفر نے عروج کیساتھ ہی اس بار سندھی کا لوک گیت ’الے‘ ریلیز کر دیا ہے جس میں سندھی ثقافت کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

روایتی موسیقی کے ساتھ سندھ کے ثقافتی رنگوں سے سجے اس گیت میں علی اور عروج کے علاوہ معروف ریپر عابد بروہی بھی شامل ہیں۔سوشل میڈیا پر گلوکار نے اس پراجیکٹ کا حصہ بننے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’سندھ کی محبت کیلئے، میرے سندھی بھائی، بہن اور اجرک کے کاریگر داد کے مستحق ہیں۔ یہ پاکستان اور پوری دنیا میں سندھ کی ثقافت کو اجاگر اور فروغ دینے کا وقت ہے‘۔گیت کو یوٹیوب پر اب تک تین لاکھ 13 ہزار سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں جو سندھ کی ثقافت کو خوبصورت طریقے سے اجاگر کرنے پر تعریفی تبصرے کررہے ہیں۔