محسن فخری زادہ کے قاتلوں سے بدلہ لیں گے،ایرانی فوجی مشیر

فخری زادہ کے قاتل پچھتائیں گے، دشمنوں کیلئے ایرانی سائنسدان بھی قابل برداشت نہیں ہیں، بیان

ہفتہ 28 نومبر 2020 15:07

محسن فخری زادہ کے قاتلوں سے بدلہ لیں گے،ایرانی فوجی مشیر
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) ایرانی سپریم لیڈر کے فوجی مشیر نے کہا ہے کہ محسن فخری زادہ کے قاتلوں سے بدلہ لیں گے۔ایک بیان میں فوجی مشیر نے کہا کہ محسن فخری زادہ کے قاتل پچھتائیں گے، دشمنوں کیلئے ایرانی سائنسدان بھی قابل برداشت نہیں ہیں۔ایرانی میڈیا کے مطابق محسن فخری زادہ پر تہران کے قریب قاتلانہ حملہ کیا گیا جس میں وہ اور ان کے ایک ساتھی شدید زخمی ہو گئے تھے۔

(جاری ہے)

محسن فخری کو طبی امداد کیلئے فوری ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔ایرانی میڈیا کے مطابق محسن فخری زادہ ریسرچ اینڈ انوویشن آرگنائزیشن کے سربراہ تھے اور وہ ایران کا جوہری ہتھیاروں کا پروگرام چلا رہے تھے۔دوسری جانب ایران نے جوہری سائنسدان کے قتل میں اسرائیل کے ملوث ہونے کے شبہ کا اظہار کیا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردوں نے آج ایک نامور ایرانی سائنس دان کو قتل کیا، بزدلانہ حرکت جنگ پر اکسانے والا عمل ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری اور یورپی یونین اپنے دہرے معیار ختم کریں اور ریاستی دہشت گردی کے اس اقدام کی مذمت کریں۔