لاہور ہائیکورٹ کی پنجاب بار کونسل کےانتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی ڈگریوں کی تصدیق کیلئے ایک ہفتے کی مہلت،

پنجاب بار کونسل کے چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی کا رول نمبر جاوید اقبال کے نام پر رجسٹرڈ ہے، نمائندہ پنجاب یونیورسٹی

منگل 1 دسمبر 2020 14:21

لاہور ہائیکورٹ کی پنجاب بار کونسل کےانتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بار کونسل کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی ڈگریوں کی تصدیق کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دےدی ، عدالت نے حکم دیا کہ جو امید وار کامیاب ہوئے ہیں پہلے ان کی ڈگریوں کی جانچ پڑتال مکمل کی جائے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس قاسم خان نے گلزار بٹ ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی جس میں پنجاب بار کونسل کے امیدواروں کی ڈگریوں کی تصدیق کی استدعا کی گئی، سماعت کے دوران ڈگری کی جانچ پڑتال کیلئے مزید وقت دینے کی استدعا کی گئی۔

پنجاب یونیورسٹی کے نمائندے نے انکشاف کیا کہ پنجاب بار کونسل کے موجودہ چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی جمیل اصغر بھٹی کا رول نمبر جاوید اقبال کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ بڑی تشویشناک صورت حال ہے، عدالت میں انکشاف کیا گیا کہ ایک امیدوار کی ڈگری کی تصدیق کے عمل میں گزٹ کا پورا صفحہ پھاڑا گیا،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ محسوس ہوا ہے کہ جرائم پیشہ افراد بیٹھے ہوئے ہیں، اساتذہ کا احترام ہے لیکن اساتذہ کی سیٹ پر بیٹھے جرائم پیشہ افراد کا کوئی احترام نہیں ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ لوگوں نے ڈگریاں بیچی ہیں، لگتا ہے وہاں پر جرائم پیشہ افراد بیٹھے ہوئے ہیں،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لگتا ہے ا س وقت بدنیتی کی بنیاد پر ڈگریاں جاری کی گئیں۔ عدالت نے باور کرایا کہ اختیار کا ناجائز استعمال کرنے والے سب جیل جائیں گے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ اکیلے کلرک نہیں کھاتے بلکہ یہ حصہ اوپر تک جاتا ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے باور کرایاکہ استاد اور خاتون کا احترام ہے لیکن استاد اور خاتون کے روپ میں جرائم پیشہ افراد کا کوئی احترام نہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے افسوس کا اظہار کیا کہ ڈگریوں کی تصدیق کے دوران پنجاب یونیورسٹی کا افسوسناک عمل سامنے آیا،جس طرح یونیورسٹی نے پہلے ڈگریوں کی تصدیق کی اس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں کیسے نااہل افراد موجود ہیں۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی غیرجانبدارانہ طور پر ڈگریوں کی تصدیق کا عمل مکمل کرائیں، اگر قانون اجازت دے تو ان امیدواروں کی ڈگریاں فوری طور پر معطل کریں۔ عدالت نے درخواست پر مزید سماعت سات دسمبر تک ملتوی کردی۔