سعودی عرب جانے کو تیار پرواز میں دو مسافر کورونا کے مریض نکل آئے

ملتان ایئرپورٹ پرمدینہ روانگی کو تیار پرواز سے مسافروں کو اُتار دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 2 دسمبر 2020 14:07

سعودی عرب جانے کو تیار پرواز میں دو مسافر کورونا کے مریض نکل آئے
مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 دسمبر2020ء) سعودی عرب کے لیے روانہ ہونے کو تیار پرواز میں دو پاکستانی مسافروں کے کورونا سے متاثرہونے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد ان مسافروں کو پرواز سے اُتار لیا گیا ہے۔ ملتان ایئرپورٹ کی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز پی آئی اے کی پرواز مدینہ روانگی کے لیے تیار تھی۔ تاہم پرواز کی روانگی سے قبل جہاز میں سوار دو پاکستانی مسافروں کے ٹیسٹ میں کورونا کی تشخیص ہوئی، جس کے باعث ان دونوں مسافروں کو پرواز روانگی سے کچھ دیر قبل جہاز سے آف لوڈ کر دیا گیا۔

دونوں مسافروں کی فلائٹس کینسل کر کے انہیں واپس بھیج دیا ہے۔ ان مسافروں کو گھروں پر ہی 14 روز قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے۔ اس مُدت کے پوری ہونے کے بعد انہیں دوبارہ پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہو گا، جس کے مثبت آنے کے بعد ان کی سعودی عرب دوبارہ روانگی ممکن ہو پائے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان سمیت دُنیا بھر کے ان ویزہ ہولڈرز کو واپس سعودی مملکت آنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔

جو مارچ 2020ء میں سعودی فلائٹ آپریشنز کورونا کے باعث معطل ہونے کے سبب اپنے ممالک میں ہی پھنس کر رہ گئے تھے اور ان کی کئی ماہ تک واپسی ممکن نہ ہو پائی تھی۔ پاکستان میں پھنسے سعودی ویزہ ہولڈرز کی گنتی بھی لاکھوں میں تھی۔ جو ملازمت پر نہ جا سکنے کے باعث بہت پریشان تھے، اور ان کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ گئی تھی۔ جیسے ہی سعودی عرب کی جانب سے ویزہ ہولڈرز کو واپس آنے کی اجازت دی گئی۔

پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے پہلے تین روز میں ہی ہزاروں کی تعداد میں بکنگ کروا لی تھی۔ جس کے باعث بہت بڑی گنتی جلد از جلد واپسی سے محروم ہو گئی تھی۔ اسی بات کے پیش نظر پی آئی اے نے سعودی عرب سے درخواست کر کے مزید پروازیں چلانے کی اجازت مانگی تھی، جس کے منظور ہونے کے بعد روزانہ کی بنیاد پر پروازوں کی روانگی سے پاکستانیوں کی بڑی گنتی چند ہفتوں کے اندر سعودیہ واپس جانے میں کامیاب ہو چکی ہے۔