خصوصی افراد کے عالمی دن کو پارلیمنٹ خصوصی طور پر منا رہی ہے، اسد قیصر

خصوصی طور پر اہل افراد کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے،اسپیکر قومی اسمبلی کا بیان

بدھ 2 دسمبر 2020 23:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2020ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ خصوصی افراد بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک کی تعمیر و ترقی میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے،موجودہ حکومت خصوصی طور پر اہل افراد کی فلاح و بہبود، تعلیم و تربیت اور ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر کیا جو ہر سال تین دسمبر کو منایا جاتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اس تقریب کو خصوصی طور پر منانے کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جس اراکین پارلیمنٹ، ماہرین تعلیم، فلاحی تنظیموں کے عہدیداران، میڈیا کے نمائندوں اور سول سوسائٹی کو خصوصی دعوت پر مدعو کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم ہر قدم پر خصوصی طور پر اہل افراد کے ساتھ کھڑے ہیں اور حکومت کی طرف سے احساس پروگرام کا اجرا کیا گیا ہے جس کے تحت معاشرے کے دیگر پسے ہوے طبقات کے ساتھ ساتھ معذور افراد کو سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھاے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ پارلیمان نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار خصوصی افراد کے مسائل کو قانون سازی کے ذریعے حل کرنے کے لیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی ہے، جو خصوصی طور پر اہل افراد کے مسائل کو حل کے لیے قانون سازی کرنے کے لیے اپنی تجاویز فراہم کرے گی۔

انہوں نے معذور افراد کے لیے سرکاری ملازمتوں میں مختص کوٹے پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہوتے ہیں، اور کسی ایک جسمانی معذوری کی وجہ سے انہیں نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے اور ان کے اندر مخفی صلاحیتوں کو نکھار کر انہیں معاشرے کا کار آمد شہری بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معذور طبقے کے حقوق کا خیال رکھنا ہم سب پر لازم ہے اور ان سے پیار، محبت اور شفقت سے پیش آنا چاہیے۔

اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ خصوصی افراد آج معاشرے کے ہر شعبے میں اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو روزگار کے یکساں مواقع فراہم کر کہ انہیں پر ملکی ترقی میں فراہم کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کو روزگار اور تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں، تو یہ ملک کے کارآمد شہری ثابت ہو سکتے ہیں۔