کویتی سفیر کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات ،دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال

مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کویت کی جانب سے پاکستان کے موقف کی غیر متزلزل حمایت قابلِ تحسین ہے ، شاہ محمود قریشی پاکستان کویت کے ساتھ اپنے شاندار سیاسی روابط کو ایک مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا متمنی ہے ، وزیر خارجہ کی گفتگو

جمعرات 3 دسمبر 2020 19:14

کویتی سفیر کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات ،دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2020ء) پاکستان میں کویت کے سفیر نصر المطہری نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات ،پاکستان اور کویت کے مابین مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور کویت کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں ۔

(جاری ہے)

نائجر میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس کے موقع پر کویتی وزیر خارجہ کے ساتھ ہونیوالی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کویت کی جانب سے پاکستان کے موقف کی غیر متزلزل حمایت قابلِ تحسین ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے شاندار سیاسی روابط کو ایک مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا متمنی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان اور کویت کے مابین زراعت، فوڈ سیکورٹی، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں میں دو طرفہ اقتصادی تعاون میں اضافے کے مواقع موجود ہیں دونوں ممالک ان مواقعوں سے یکساں مستفید ہو سکتے ہیں ۔پاکستان میں کویت کے سفیر نصر المطہری نے شرف ملاقات پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔