صبح سویرے سعودی عرب پرڈرون طیارے کا حملہ ناکام

دھماکا خیز ڈرون طیارے کا ہدف جنوبی ریجن کا شہری علاقہ تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 4 دسمبر 2020 12:07

صبح سویرے سعودی عرب پرڈرون طیارے کا حملہ ناکام
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4دسمبر2020ء) سعودی عرب پر گزشہ چند ماہ سے حوثی ملیشیا کے سرحد پار سے حملوں میں بہت اضافہ ہو گیا ہے۔ اگرچہ زیادہ تر حملوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے تاہم ان میزائل، ڈرون اور بحری کشتیوں کے ذریعے حملے کی کوششیں لگاتار جاری ہیں۔ آج صبح سویرے بھی سعودی عرب پر ایک ڈرون حملہ کی کوشش کی گئی جوسعودی اتحادی افواج کی بروقت کارروائی کے باعث کامیاب نہ ہو سکی۔

عرب اتحاد برائے یمن کے ترجمان کرنل تُرکی المالکی نے میڈیا کو بتایا کہ سعودی عرب کی جانب بھیجے جانے والے ڈرون کو راستے میں روک کر تباہ کردیا گیا۔اس ڈرون کا ہدف شہری علاقے تھے تاہم مشترکہ افواج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے مار گرایا۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھی یمن کی حوثی ملیشیا نے سعودی مملکت کو 5 بارود بردار ڈرون طیاروں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم مستعد سعودی افواج نے تمام بمبار ڈرون طیاروں کو ہدف سے پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا۔

(جاری ہے)

اس طرح سعودی عرب کسی جانی اور مالی نقصان سے بچ گیا۔ کرنل تُرکی المالکی کے مطابق تین ڈرون یمن کے حدود کے اندر مار گرائے گئے جبکہ ایک ڈرون کو یمن اور سعودیہ کی سرحد پر تباہ کیا گیا۔ گزشتہ ہفتے بھی سعودی عرب پرایک ہی روز میں 6 ڈرون طیاروں سے حملہ ہوا تھا جو بارودی مواد سے لدے ہوئے تھے۔ تاہم عرب اتحادی افواج نے بروقت کارروائی کر کے ان طیاروں کو تباہ کر ڈالا تھا۔

اس طرح سعودی عرب بڑی تباہی سے بال بال بچ گیا تھا۔حوثی ملیشیا کی جانب سے ایک ہی روز میں شہری علاقوں کو 6 بارود سے لدے ڈرونز سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، مگر اتحادی افواج کی کارروائی نے ان ڈرون طیاروں کو فضا میں ہی مار گرایا۔سلامتی کونسل میں پیش کئی گئی ایک رپورٹ کے مطابق حوثی ملیشیا نے ابھی تک اپنے پاس موجود معروف ہتھیاروں کے علاوہ ڈرون طیاروں کی ایک نئی قسم اور کروز میزائلوں کے ایک نئے نمونے کا استعمال شروع کر دیا ہے"۔