مچھ واقعہ، مظاہرین نے وزیراعظم عمران خان سے کوئٹہ آنے کا مطالبہ کر دیا

مچھ میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کا دھرنا ختم نہ کرنے کا اعلان ، وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کی یقین دہانیاں مسترد

Shehryar Abbasi شہریار عباسی منگل 5 جنوری 2021 00:36

مچھ واقعہ، مظاہرین نے وزیراعظم عمران خان سے کوئٹہ آنے کا مطالبہ کر ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جنوری2021ء) مچھ میں ہزارہ برادری کے کان کنوں کے قتل کے واقعے کیخلاف دھرنا دینے والے مظاہرین نے وزیراعظم عمران خان سے کوئٹہ آنے کا مطالبہ کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ مچھ واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور دھرنا دینے والے مظاہرین سے ملاقات کے لیے کوئٹہ پہنچے۔

لیکن وفاقی وزیر داخلہشیخ رشید کی تمام تر یقین دہانیوں کے باوجود دھرنا مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیااور مطالبہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان خود کوئٹہ تشریف لائیں اور ان سب معاملات کو دیکھیں۔ شیخ رشید نے مظاہرین کو بتایا کہ وزیراعظم نے پیغام دیا ہے کہ کسی صورت سانحہ مچھ کے مجرموں کو نہیں چھوڑیں گے، یقین دلاتا ہوں سانحہ مچھ کے ذمہ داران نہیں بچیں گے، لاپتہ افراد کے معاملے پر وزیراعظم سے ملاقات کراؤں گا۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے مزید کہا کہ آپ عظیم لوگ ہیں جو قربانی دیتے ہیں اور ملک کے ساتھ وفاداری نبھاتے ہیں۔ مچھ سانحے کے متاثرین کو صوبائی حکومت 15 لاکھ روپےجبکہ وفاقی حکومت 10 لاکھ روپے دے گی۔شیخ رشید مظاہرین سے اپیل کی کہ وہ شہداء کی تدفین کریں اور ایک دن تجویز کرکے اسلام آباد آجائیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے خصوصی طور پر اپنا جہاز دے کر انہیں کوئٹہ بھیجاہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ میں سانحہ مچھ سے متعلق جوڈیشل کمیٹی کا اعلان کرتا ہوں، تمام شیعہ برادری کو مکمل سیکیورٹی دی جائے گی ، یقین دلاتا ہوں کہ مچھ میں 11 لوگوں کو قتل کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ شیخ رشید کی تمام تر یقین دہانیوں کے باوجود دھرنا مظاہرین نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا۔ اس موقع پر رہنما ہزارہ برادری نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان خود کوئٹہ تشریف لائیں،ان سب معاملات کو دیکھیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ صوبائی حکومت کے استعفے کے سوا تمام مطالبات مانتا ہوں، آج یا کل صبح وزیراعظم کو مظاہرین کے پیغام سے آگاہ کروں گا۔