ہزارہ برادری کا احتجاج، کراچی ایئرپورٹ پر9 پروازیں منسوخ

مچھ واقعے کیخلاف احتجاج کے باعث عام شہری شدید مشکلات کا شکار، شہرقائد سے جانے والی 9 پروازیں منسوخ اور دیگر کا شیڈول بری طرح سے متاثر

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات 7 جنوری 2021 01:04

ہزارہ برادری کا احتجاج، کراچی ایئرپورٹ پر9 پروازیں منسوخ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 جنوری2021ء) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں ہزارہ برادری کی جانب سے جاری احتجاجی دھرنوں ،سڑکوں کی بندش اور موسم کی خرابی کی وجہ سے بدھ کو کراچی سے روانہ والی 9 پروازیں منسوخ اور دیگر کا شیڈول بری طرح سے متاثر ہوا ہے۔ شہر میں احتجاج کی وجہ سے ٹریفک کی صورتحال بھی بدترین شکل اختیار کر گئی ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق جناح انٹرنشنل ائیرپورٹ کے ذرائع کے مطابق بدھ کو کراچی سے جانے والی پی آئی اے سمیت غیر ملکی اور نجی ائیرلائنز کی پروازوں کی روانگی شدید متاثر ہوئیں۔

امارات ائیرلائن کی کراچی سے دبئی کی پروازیں ای کے 605 , ای کے 609 اور ای کے 603 پروازیں منسوخ ہوئی ہیں۔ پی آئی اے کی لاہور پی کے 306 ، ملتان کی 330 اور فیصل آباد کی پی کے 340 منسوخ ہوئیں۔

(جاری ہے)

سعودی ائیر کی ایس وی 705 اور ایس وی 701 منسوخ ہوئی ہیں۔ سیرین ائیر کی کراچی سے لاہور کی پرواز ای آر 522 بھی منسوخ کی گئی۔ ائیرپورٹ حکام کے مطابق کچھ پروازیں خراب موسم کی وجہ سے بھی منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوئی۔

اب تک 14 پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی ہے۔ نجی ائیر لائن کے کراچی ائیرپورٹ حکام نے بتایا کہ کراچی میں راستوں کی بندش کی وجہ سے مسافر اور ائیرلائن عملے کو ائیرپورٹ پہنچنے میں متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ پروازوں کی تاخیر سے پہنچنے کی وجوہات میں سے ایک وجوہ ائیرلائن کا فضائی عملہ اور مسافروں کے تاخیر سے پہنچنا تھا- احتجاج کی وجہ سے غیر یقینی صورتحال کہ وجہ سے پی آئی اے ترجمان نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ فلائٹ انکوائری سے اپنی پرواز کی معلومات حاصل کرکے ائیرپورٹ کیلئے روانہ ہوں۔