سعودی عرب میں ہولناک ٹریفک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق

جازان میں پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں میاں بیوی اور ان کی دو بیٹیاں موقع پر ہی دم توڑ گئیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 8 جنوری 2021 18:14

سعودی عرب میں ہولناک ٹریفک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 جنوری2021ء) سعودی عرب میں ایک انتہائی دل دہلا دینے والے ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ سعودی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ جازان ریجن میں العارضہ اور الخوربہ کمشنری کو ملانے والی سڑک پر پیش آیا جس کے نتیجے میں سعودی خاندان کا سربراہ، اس کی اہلیہ اور دونوں بیٹیاں موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔

ابھی گزشتہ ہفتے ہی اسی مقام پر ایک اور جان لیوا حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ایک سعودی نوجوان ہلاک ہو گیا تھا، جبکہ اس کا بھائی شدید زخمی ہوا تھا، جسے فوری طور پر مقامی ہسپتال کے آئی سی یو میں منتقل کیا گیا۔ اس زخمی نوجوان کی حالت ابھی تک خطرے سے باہر نہیں آ سکی۔ مقامی آبادی کے مطابق یہاں پہلے بھی متعدد ٹریفک حادثات پیش آ چکے ہیں، جن کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ سائیڈ والی سڑکوں سے اچانک گاڑیاں اس مین روڈ پر آ جاتی ہیں، جس کی وجہ سے پیچھے سے آنے والی تیز رفتار گاڑیوں کا ان سے تصادم ہو جاتا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سعودی مملکت میں چند روز قبل ایک غیر ملکی ڈرائیور اپنے ہی ٹرک تلے کُچل جانے کے باعث زندگی کی بازی ہار گیا تھا۔ یہ واقعہ المخواہ میونسپلٹی کی حدود میں پیش آیا۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بنگلہ دیشی باشندہ المخواہ کمشنری میں میونسپلٹی کا ملازم تھا جو کوڑا اُٹھانے والے ٹرک کی ڈرائیونگ کرتا تھا۔ وہ اپنی ڈیوٹی کے سلسلے میں ٹرک چلا رہا تھا، جب وہ ٹرک کی چیکنگ کے لیے ایک جگہ رُکا اور ابھی نیچے اُترا ہی تھا کہ ٹرک چل پڑا۔

جس کے پہیوں کی زد میں آ کر وہ بُری طرح کچلا گیا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ سول ڈیفنس کے مطابق حادثے سے کچھ دیر پہلے کارکن نے ٹرک کو سڑک کنارے کھڑا کیا اور نیچے اُترا مگر یہ گھڑی اس کی موت کا باعث بن گئی۔ اس المناک حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی تھیں، جنہوں نے بنگلہ دیشی ڈرائیور کی موت کی تصدیق کرنے کے بعد اس کی نعش کو سرد خانے منتقل کر دیا۔ متوفی کی لاش کو ضروری کارروائی کے بعد بنگلہ دیش بھجوایا جائے گا۔