ہزارہ برادری بے حس سفاک حکومت کا آسرہ چھوڑ کر پیاروں کی تدفین کردیں، سید ناصر حسین شاہ

مچھ سانحہ نے عمران خان کی اصلیت کو قوم کے سامنے ظاہر کردیا ہے۔خان صاحب نے ورلڈ کپ اور شوکت خانم بناکر جو ساکھ بنائی وہ کھو چکے ہیں،صوبائی وزیر بلدیات و جنگلات

جمعہ 8 جنوری 2021 20:27

ہزارہ برادری بے حس سفاک حکومت کا آسرہ چھوڑ کر پیاروں کی تدفین کردیں، ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جنوری2021ء) اطلاعات، بلدیات ،جنگلات و مذہبی امور سید ناصر حسین شاہ نے سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہزارہ برادری کو اپیل کی ہے کہ وہ اپنے پیاروں کی تدفین کردیں، بے حس اور سفاک حکومت کا آسرہ چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ شہیدوں کی تدفین کے بعد ہزارہ برادری عمران خان کو نہ آنے دے۔

دریں صوبائی وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نے اپنے جاری ایک بیان میں کہا کہ مچھ سانحہ نے عمران خان کی اصلیت کو قوم کے سامنے ظاہر کردیا ہے۔خان صاحب نے ورلڈ کپ اور شوکت خانم بناکر جو ساکھ بنائی وہ کھو چکے ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم ارتغرل کی ٹیم اور یو ٹیوبرز سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ لیکن ہزارہ برادری کے لیے ان کے پاس وقت نہیں۔

(جاری ہے)

ناصرحسین شاہ نے کہا کہ شاید خان صاحب کے پاس ڈرامہ بازوں کی زیادہ اہمیت ہے۔آج خان صاحب کوئٹہ جانے کے بجائے وسیم اکرم پلس سے ملنے لاہور چلے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے حسی اور سفاکی کی بھی حد ہوتی ہے، زلفی بخاری نے تو کوئٹہ میں ہزارہ برادری سے سوال کیا ہے کہ وزیراعظم کے کوئٹہ آنے سے کیا فائدہ ہوگا۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وزراء اور ترجمان بداخلاقی اور بدکلامی میں ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑنے کی ریس میں لگے ہوئے ہیں۔ وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ وزراء اور ترجمان کہتے ہیں کہ خان صاحب تو اپنے کزن اور نزدیک ترین دوست نعیم الحق کی میت میں نہیں گئے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ اس قسم کے رویے سے یہ قوم کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔#