شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف زرداری کی طبیعت ناساز ہوگئی

آصف زرداری دل کی تکلیف میں مبتلا ہیں،طبی معائنے کیلئے ڈاکٹرز کی ٹیم بلاول ہاؤس پہنچ گئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 10 جنوری 2021 21:58

شریک چیئرمین پیپلزپارٹی آصف زرداری کی طبیعت ناساز ہوگئی
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 جنوری 2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زردارکی طبیعت ناساز ہوگئی، آصف زرداری دل کی تکلیف میں مبتلا ہیں،طبی معائنے کیلئے ڈاکٹرز کی ٹیم بلاول ہاؤس پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری کی طبیعت ایک بار پھر ناساز ہوگئی ہے، آصف زرداری دل کے عارضے میں مبتلا ہیں۔ دل کی تکلیف کے باعث ان کی طبیعت ناساز ہوئی ہے، ڈاکٹرز کی ٹیم بلاول ہاؤس میں ان کا میڈیکل چیک اپ کررہی ہے۔

ڈاکٹروں کی ٹیم کے ہمراہ ایمبولینس بھی بلاول ہاؤس آئی ہے۔ اس سے قبل چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے آصف زرداری اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو سے رابطہ کیا تھا، جس میں انہوں نے آصف زرداری کی طبیعت بارے دریافت کیا تھا، یاد رہے پی ڈی ایم کی تحریک کے دوران بھی آصف زرداری کی طبعیت خراب رہی، لیکن اس کے باوجود بھی وہ سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، اس سے قبل 11اکتوبر کو بھی جب پی ڈی ایم کی تحریک کا آغاز ہوا اس دوران بھی سابق صدر آصف علی زرداری کی طبیعت ناساز ہوگئی تھی، آصف زرداری ہسپتال میں بھی زیرعلاج رہے، جب ان کی طبیعت بہتر ہوئی تو انہوں نے پھر سیاسی سرگرمیوں بھی بھرپور حصہ لیا، پی ڈی ایم کے اجلاسوں میں بھی شرکت کرتے رہے جبکہ نوڈیرو میں محترمہ بےنظیر بھٹو شہید کی برسی پر خطاب بھی کیا جس میں انہوں نے حکومت پر شدید تنقید کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کو مشورہ دیا کہ آج بھی کوشش ہے پاکستان کی سیاسی جماعتیں ایک پیج پر آجائیں، کچھ ہم سے سیکھ لو،ہم نے ایک جنرل کو صدارت سے مکھی کی طرح دودھ سے نکال دیا۔یہ عمران خان کیا چیز ہے آج نیازی کو نکال سکتے ہیں ،ہمیں سوچ طریقہ بدلنا ہوگا، ہمیں جیلیں بھرنا ہوں گی، ہم جیلوں میں جانے کوتیار ہیں، یہ حکومت نہیں رہے گی۔ پھر عوامی حکومت آئے گی۔