ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے موروکے عمائدین کے ہمراہ المصطفیٰ سینٹرموروکا سنگ بنیادرکھا

پیر 11 جنوری 2021 22:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2021ء) المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے سرپرست اعلیٰ سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے رکن قومی اسمبلی ذوالفقارعلی بیھن،المصطفیٰ کے ذمہ داران اورموروکے عمائدین کے ہمراہ المصطفیٰ سینٹرموروکا سنگ بنیادرکھا۔اس موقع پر عزیزبیھن،المصطفیٰ کے ٹرسٹی ادریس عبدالغفار،معین خان، عبدالغفارسعیدی،سعید احمد یوسفی،اسلم نوری،نعمت اللہ ،محمدنفیس قادری ،اکرم راجپوت ودیگرحیدرآباد،نواب شاہ،مورو کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

ذوالفقارعلی بیھن نے حاجی حنیف طیب اوران کے ساتھ آئے ہوئے المصطفیٰ کے ذمہ داران کا خیرمقدم کیا اورکہاکہ میں نے المصطفیٰ میڈیکل سینٹر گلشن اقبال کراچی کا دورہ کیا،بلڈبنک،تھیلی سیمیا،ڈائیلاسس یونٹ،بچوں کے انتہائی نگہداشت وارڈ،لیبارٹری ،الٹراساؤنڈسمیت مختلف شعبہ دیکھے میری خواہش ہے کہ مورومیں بھی ایسا ادارہ قائم ہو ،ہائی وے پر ہونے کی وجہ سے ابتدائی طبی امداد کا مرکز، بوڑھے افرادکیلئے اولڈ ہومز،تعلیم وصحت کے مختلف شعبوں میں کام کیلئے مرکز بنایا جائے ،مجھے یقین ہے کہ یہ عظیم کام المصطفیٰ بہتر طورپر سرانجام دے سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب نے رکن قومی اسمبلی ذوالفقارعلی بیھن کا انسانیت کی خدمت کیلئے المصطفیٰ سینٹر کی تعمیر کیلئے زمین کا عطیہ دینے پر شکریہ اداکیا ۔انہوںنے بتایا المصطفیٰ تعلیم وصحت سمیت زندگی مختلف شعبوں میںانسانیت کی 22ممالک میں خدمت کررہاہے۔المصطفیٰ کے طبی مراکز،اسکولز،کالجزکا نیٹ ورک پورے ملک میں پھیلاہواہے، المصطفیٰ نے آنکھوں اورہونٹ وتالوکٹے افرادکا مفت آپریشن کرنے عالمی ریکارڈقائم کیا ہے۔ان شاء اللہ المصطفیٰ سینٹر موروکو بھی سندھ میں سماجی خدمت کا مرکز بنائیں گے۔آخر میں دعائے خیر بھی کی گئی۔