سعودی ولی عہد کی دی لائن میگا پروجیکٹ کے اعلان پر کابینہ کی مبارک باد

کابینہ نے احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کی ہدایات دینے پر سعودی فرماں روا اور ولی عہد کا خصوصی شکریہ ادا کیا

بدھ 13 جنوری 2021 16:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2021ء) سعودی کابینہ کا ورچوئل اجلاس خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی صدارت میں منعقد ہوا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اجلاس کی ابتدا میں شاہ سلمان نے برادر ملک کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطے اور زیر بحث آنے والے امور سے متعلق گفتگو کی۔

بعد ازاں کابینہ کے ارکان نے صحت کے سیکٹر کے لیے سپورٹ، کرونا کی وبا کے آغاز کے بعد سے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی صحت پر بھرپور توجہ اور مفت علاج اور متعلقہ تمام احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کی ہدایات دینے پر سعودی فرماں روا اور ولی عہد کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔اسی طرح کابینہ نے سعودی ولی عہد اور نیوم کمپنی کے مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے نیوم میں دی لائن سٹی کے منصوبے کے اعلان پر مبارک باد پیش کی۔

(جاری ہے)

کابینہ نے اس بات پر زور دیا کہ 31 مارچ 2021 سے سعودی شہریوں کے بیرون ملک سفر اور واپسی کی اجازت ، بین الاقوامی فضائی پروازوں کی معطلی ختم ہونے اور مملکت کی تمام زمینی ، بحری اور فضائی حدود کو کھولے جانے پر عمل درآمد ، مطلوبہ اقدامات اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ ہو گا۔ اس کا مقصد متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مملکت میں کرونا کے پھیلا ئوپر روک لگانا ہے۔