پاکستان اور عمان کی جامعات کے باہمی تعلقات کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زرعی، تحقیقاتی اور تعلیمی ترقی کو نئی جدتوں سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے

ان باتوں کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے عمان کے سلطان کی طرف سے آم انسائیکلوپیڈیا کے عنوان سے مرتب کی گئی کتاب کا تحفہ وصول کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا

بدھ جنوری 17:39

پاکستان اور عمان کی جامعات کے باہمی تعلقات کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جنوری2021ء) پاکستان اور عمان کی جامعات کے باہمی تعلقات کو فروغ دے کر ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زرعی، تحقیقاتی اور تعلیمی ترقی کو نئی جدتوں سے ہمکنار کیا جا سکتا ہے۔ ان باتوں کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے عمان کے سلطان کی طرف سے آم انسائیکلوپیڈیا کے عنوان سے مرتب کی گئی کتاب کا تحفہ وصول کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس کتاب سے نہ صرف یونیورسٹی کے طلبا بلکہ اساتذہ اور محققین کو بھی سیکھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی دنیا بھر کی جامعات کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کئے ہوئے ہے تاکہ زرعی چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے ساتھ ساتھ بہترین افرادی قوت پیدا کی جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر آصف تنویر نے کہا کہ عمان کی تقریباً 30 فیصد آبادی کا تعلق پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے ہے جو کہ سو سال قبل یہاں سے ہجرت کر کے عمان آباد ہوئے تھے اور اس بناء پر دونوں ممالک میں بھائی چارے فضا پائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کتاب کی پرنٹنگ مواد اپنا ثانی نہیں رکھتا۔ عمان میں تعینات پاکستانی سفیر کے کے احسن واغان نے زرعی یونیورسٹی کو پیغام میں لکھا کہ سلطان قابوس بن سعدالسعد مرحوم کی ہدایت پر عمانی گورنمنٹ نے یہ انسائیکلوپیڈیا شائع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کی بدولت ایک وسیع پیمانے پر آموں کے حوالے سے علم میسر آ سکے گا جو کہ محققین اور ماہرین کو تحقیقی کام بڑھانے میں معاون ثابت ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ کتاب مختلف زبانوں بشمول عربی، انگلش، فرنچ اور سپینش میں شائع کی گئی ہے جو کہ پانچ جلدوں پر مشتمل ہے جس میں آم کی پیداوار سے لے کر پوسٹ ہارویسٹ ہینڈلنگ، آم کی مختلف بیماریوں، مارکیٹنگ کے مسائل اور جملہ موضوعات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کتاب میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سائنسدانوں کے بھی تحقیقی مضامین شائع کئے گئے ہیں۔

رجسٹرار عمرسعید قادری نے کہا کہ یونیورسٹی اس تحفے پر سلطنت آف عمان کی شکرگزار ہے اور امید کرتی ہے کہ تحقیق و دیگر شعبوں میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرتے ہوئے عہدحاضر کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آم کا انسائیکلوپیڈیا کیمپس کمیونٹی کو معلومات فراہم کرتے ہوئے پاکستان میں آم کی پیداوار کے متعلق تحقیق کو فروغ دے گا۔

پرنسپل آفیسر پبلک ریلیشنز پروفیسر ڈاکٹر محمد جلال عارف نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹیکلچر اور شعبہ حشریات مل کر اس کتاب سے استفادہ کرتے ہوئے آم کے جملہ مسائل حل کرنے کے لئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کسانوں کے مسائل کے حل کے لئے دن رات کوشاں ہے۔اس موقع پر  ڈائریکٹر ہارٹیکلچرامان اللہ ملک اور لائبریری کے ریفرنس اسسٹنٹ اجمل باجوہ موجود تھے۔