حکومت وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت تخم، کھاد اور جڑی بوٹیاں تلف کرنے کی ادویات پر کسانوں کو سبسڈی دے،محکمہ زراعت لکی مروت

جمعرات 14 جنوری 2021 21:09

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جنوری2021ء) محکمہ زراعت لکی مروت کے زیر اہتمام غزنی خیل میں زیادہ گندم اگائو سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے زرعی ماہرین اور افسران نے کہا ہے کہ حکومت وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت تخم، کھاد اور جڑی بوٹیاں تلف کرنے کی ادویات پر کسانوں کو سبسڈی دے رہی ہے تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ گندم اگانے پر توجہ دے کر ملک کو پیداوار میں خود کفیل کرسکیں۔

سیمینار سے ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر حاجی عبدالقیوم خان، سبجیکٹ سپیشلسٹ فار پلانٹ پروٹیکشن ظہور اقبال خٹک، سبجیکٹ سپیشلسٹ فار اگرانومی(علم کھیتی باڑی) عبداللہ شاہ قریشی، ایگریکلچر آفیسر عمران خان، مقامی زمیندار حاجی گل شاعر خان اور فارم منیجمنٹ کمیٹی کے رکن حبیب اللہ خان نے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

حاجی عبدالقیوم نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت زرعی شعبے میں جاری سکیموں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہا کہ گندم کی پیداوار میں اضافے کے منصوبے کے تحت نہ صرف کسانوں کو رعایتی نرخوں پر تصدیق شدہ بیج، کھاد اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں بلکہ انہیں جدید زرعی آلات و مشینری کے استعمال کے ساتھ ساتھ پیداوار بڑھانے کے لئے جدید طریقوں سے آگاہی بھی دی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ ملک کو گندم میں خود کفیل کرنے میں کسانوں کا کردار مسلمہ ہے یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود اور زرعی ماہرین اور ان کے درمیان دوریاں ختم کرنے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اس سے زراعت کو حقیقی معنوں میں ترقی ملے گی کسانوں میں اعتماد آئے گا اور وہ گندم و دیگر فصلوں کی کاشت پر توجہ دے کر ملک کو زرعی اجناس میں خود کفیل بنانے پر تیار ہوں گے۔

ظہور اقبال خٹک نے زمینداروں کو کھاد اور پانی کے بروقت استعمال سے متعلق ٹھوس اور اہم معلومات فراہم کیں اور ان پر زور دیا کہ وہ اچھی فصل اور زائد پیداوار کے حصول کے لئے ضرورت کے مطابق معیاری کھادوں کا استعمال یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :