انڈونیشیا: سلاویسی جزیرے پر زلزلے سے زبردست تباہی

DW ڈی ڈبلیو جمعہ 15 جنوری 2021 10:20

انڈونیشیا: سلاویسی جزیرے پر زلزلے سے زبردست تباہی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 15 جنوری 2021ء) انڈونیشیا کے جزیرہ سلاویسی میں جمعہ 15 جنوری کی علی الصبح زبردست زلزلہ آنے سے اب تک کم از کم سات افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ریختر پیمانے پر زلزلے کی شدت چھ اعشاریہ دو درج کی گئی۔ زلزلے کا مرکز جزیرے کے ماجین شہر سے شمال مشرق میں چھ کلومیٹر دور اور زمین میں 10 کلو میٹر گہرائی میں تھا۔

تازہ اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں تقریبا چھ سو افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دو سو کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے جبکہ دو ہزار سے بھی زائد افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

ملک کی 'نیشنل ڈیزاسٹر میٹیگیشن ایجنسی' نے تصدیق کی ہے کہ جزیرے پر ایک ہوٹل سمیت بہت سی عمارتیں زلزلے کے جھٹکوں سے گر کر پوری طرح تباہ ہوگئیں۔

(جاری ہے)

زلزلے کے جھٹکے محسوس کرنے کے بعد ہزاروں افراد گھبراکر اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔

سوشل میڈیا پر اس حوالے سے متعدد ویڈیوز میں بہت سے لوگوں کو ملبے کے نیچے دبے ہوئے اور بہت سے دیگر کو جان بچانے کے لیے بھاگتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

سلاویسی میں صورت حال کیا ہے؟

اطلاعات کے مطابق جزیرہ سلاویسی پر زلزلے سے کم از کم ساٹھ مکانات تباہ ہوگئے۔ مقامی صحافی سودریمان سیمویل نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ زلزلے سے حکومت کے دفاتر پر مشتمل ایک عمارت اور ایک تجارتی مرکز کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔

امدادی کارروائیوں میں مصروف اداروں نے جو تصاویر مہیا کی ہیں اس میں بظاہر ایک مقامی اسپتال کے پاس مہندم عمارت کا ملبہ بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ ایسی ہی دیگر تصاویر میں امدادی کارکنوں کو ملبے کے نیچے پھنسی دو بہنوں سے حال چال پوچھتے دیکھا جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر دستیاب ویڈیوز میں بعض لوگوں کو موٹر سائیکل پر سوار ہوکر اونچے اور محفوظ علاقوں کی طرف بھی جاتے ہوئے دیکھا گیا۔

چوبیس گھنٹوں کے دوران متعدد جھٹکے

انڈونیشا کی ڈیزاسٹر ایجنسی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دورن سلسلہ وار متعدد زلزلے کے جھٹکے آتے رہے جس سے تین مقامات پر زمین کھسکنے کے واقعات پیش آئے اور بہت سے علاقوں میں بجلی کی سپلائی منقطع ہو گئی۔

جمعرات کو بھی اسی ضلعے میں پانچ اعشاریہ نو کی شدت کا زلزلہ آیا تھا جس سے متعدد مکانات تباہ ہوگئے تھے۔

ص ز/ ج ا (روئٹرز، اے ایف پی، ڈی پی اے)