سول ہسپتال کے تمام شعبہ جات کے سربراہان سے ضروری نوعیت کے درکار طبی سامان و مشینری کی فہرست لے لی ہے ،ڈاکٹر ارباب

کوشش ہوگی طبی سامان اور مشینری ہنگامی بنیادوںپر جلداز جلد فراہم کریں،ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ

اتوار 17 جنوری 2021 00:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2021ء) سول ہسپتال کوئٹہ کے ایم ایس ڈاکٹر ارباب کامران کاسی نے کہا ہے کہ سول ہسپتال کے تمام شعبہ جات کے سربراہان سے ضروری نوعیت کے درکار طبی سامان و مشینری کی فہرست لے لی ہے میری کوشش ہوگی کہ یہ طبی سامان اور مشینری ہنگامی بنیادوںپر جلداز جلد فراہم کریں۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو سیکرٹری صحت نورالحق بلوچ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر ایم ایس ڈاکٹر فہیم خان کے ہمراہ سول ہسپتال کے تمام شعبہ جات کے سربراہان کے ساتھ انفرادی طورپر طبی سامان و مشینری کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں ڈی ایم ایس ایڈمن ڈاکٹر جاوید اختر ، ڈی ایم ایس جنرل ڈاکٹر محبوب قمبرانی ، اے ایم ایس ڈاکٹر غلام سرور،آر ایم او جنرل ڈاکٹر حفیظ سیال ،آر ایم او ڈاکٹر انجم ضیا ، چیف فارماسسٹ وسیم بیگ ، نرسنگ سپرنٹنڈنٹ بابر انصاری ، میڈیسن اسٹور انچارج اسحاق ببری ، اسسٹنٹ اکاونٹ آفیسر محمد خیر ، انسٹرومنٹ انچارج جاوید حبیب اور ڈیڈ اسٹاک انچارج منیر بھٹی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ارباب کامران کاسی نے کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں آنے والے مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں سیکرٹری صحت نورالحق بلوچ کی ہدایت پر سول ہسپتال کوئٹہ کے تمام شعبہ جات کے سربراہان سے ضروری نوعیت کے درکار طبی سامان و مشینری کی فہرست لے لی اور میری کوشش ہوگی کہ یہ طبی سامان اورمشینری ہنگامی بنیادوں پر جلدازجلد فراہم کریں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان ، پارلیمانی سیکرٹری صحت بلوچستان ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی اور چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر اور سیکرٹری صحت بلوچستان نور الحق بلوچ کے ویژن کے مطابق صحت کے شعبہ پر خصوصی توجہ اور اہم اقدامات اٹھاے جا رہے ہیں۔