5 ماہ بعد بھی بی آر ٹی پشاور کے واش رومز نامکمل، ہیروئنچیوں کی آماجگاہ بن گئے

کنٹریکٹرز کے ساتھ درپیش مسائل کی وجہ سے تعمیراتی کام رکا ہوا تھا جو آیندہ 20 سے 25 دن میں دوبارہ شروع کر دیا جائے گا،ڈی جی پی ڈی اے

اتوار 17 جنوری 2021 16:00

5 ماہ بعد بھی بی آر ٹی پشاور کے واش رومز نامکمل، ہیروئنچیوں کی آماجگاہ ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2021ء) بی آر ٹی پشاور کے منصوبے کے اسٹیشنز بیت الخلا مکمل نہ ہو سکے اور نہ ہی منصوبے کے لیے آمدن کا ذریعہ بننے والے کمرشل پلازے مکمل ہو سکے۔ پاکستان تحریک انصاف حکومت کا میگا پراجیکٹ بی آر ٹی منصوبے کو شروع ہوئے 5 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر گیا مگر بیشتر بس اسٹیشنز پر مسافروں کے لیے تاحال باتھ رومز تک نہیں بن سکے ہیں۔

(جاری ہے)

باتھ رومز میں واٹر اینڈ سینیٹریشن کا سامان نصب نہ ہونے کی وجہ سے خالی باتھ رومز گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکے ہیں، اسٹیشنز پر موجود باتھ رومز کے نام پر خالی کمرہ شام ہوتے ہی پوڈریوں اور ہیرونچیوں کی آماج گاہ میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق منصوبہ کی آمدن میں اضافہ کے لیے تین کمرشل پلازے بھی تعمیر ہونا تھے جو ابھی تک نامکمل ہیں۔ دوسری جانب ڈی جی پی ڈی اے کا کہنا ہے کہ کنٹریکٹرز کے ساتھ درپیش مسائل کی وجہ سے تعمیراتی کام رکا ہوا تھا جو آیندہ 20 سے 25 دن میں دوبارہ شروع کر دیا جائے گا، باتھ رومز اور کمرشل پلازوں کا کام جلد مکمل کیا جائے گا۔